جنوبی کوریا،ڈوبنے والی کشتی کے ایک ہی کمرے سے 48لاشیں برآمد، اب تک ملنے والی لاشوں کی تعداد183ہوگئی،کشتی کے 111کمروں میں سے تاحال صرف 35کی تلاشی لی جاسکی

جمعہ 25 اپریل 2014 00:16

جنوبی کوریا،ڈوبنے والی کشتی کے ایک ہی کمرے سے 48لاشیں برآمد، اب تک ملنے ..

سیول (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اپریل۔2014ء)جنوبی کوریا میں غرقاب ہونے والی مسافر بردار کشتی میں لاشوں کی تلاش کرنے والے غوطہ خوروں نے کشتی کے ایک ہی کمرے سے 48 لاشیں برآمد کرلیں جس کے بعد اب تک ملنے والی لاشوں کی تعداد183ہوگئی،اب تک کشتی کے 111 کمروں میں سے ابھی تک 35 کمروں کی ہی تلاشی لی جا سکی ہے، امریکی صدر براک اوباما نے اس حادثے پر جنوبی کوریا کے ساتھ اظہار تعزیت کیاہے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کی بحریہ کے افسران نے کہاکہ یہ لوگ ایک چھوٹے سے کمرے میں پائے گئے اور سبھی نے لائف جیکٹیں پہن رکھی تھیں، حکام کا کہنا تھاکہ یہ کمرہ 38 لوگوں کے لیے تھا،ابھی تک اس غرقاب کشتی سے 183 لاشیں برآمد ہو چکی ہیں لیکن درجنوں لوگ ابھی تک لاپتہ ہیں،لاشیں نکالنے کے آپریشن کے سربراہ نے کہا کہ انہیں ابھی کوئی اندازہ نہیں ہے کہ پوری کشتی کی تلاشی لینے میں کتنا وقت لگے گا،اس کشتی پر 476 افراد سوار تھے اور جب کشتی ٹیڑھی ہونے کے بعد غرقاب ہوئی تو 174 مسافروں کو بچا لیا گیا تھا،بحریہ کے کپتان کا کہنا تھا کہ یہ بہت اعصاب شکن کام ہے،ان کا کہنا تھا کہ لاشوں کو نکال کر لانے سے کہیں زیادہ مشکل کام انہیں تلاش کرنا ہے کیونکہ غوطہ خور ایک وقت میں دس منٹ سے زیادہ کشتی کے اندر نہیں رہ سکتے،ایک غوطہ خور کا کہنا تھا کہ جب آپکے ارد گرد ہر چیز تیر رہی ہو تو یہ اندازہ لگانا بھی مشکل ہوتا ہے کہ آپ کہاں ہیں،حکام کا کہنا تھاکہ اب تک کشتی کے 111 کمروں میں سے ابھی تک 35 کمروں کی ہی تلاشی لی جا سکی ہے، اپنے دورہ جنوبی کوریا کے دوران امریکی صدر براک اوباما نے اس حادثے پر جنوبی کوریا کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔