اخوانیوں کو پھانسی کی سزائیں سنانا انصاف کے خون کے مترادف ہے‘جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر

منگل 29 اپریل 2014 13:54

سرینگر(این اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29اپریل 2014ء)جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیرنے مصر میں اخوانیوں کو پھانسی کی سزائیں سنانے کو عدل وانصاف کے خون کے مترادف قرار دیا ہے۔جماعت کے ترجمان ایڈوکیٹ زاہد علی نے بیان میں کہا کہ مصر کی ایک عدالت نے اخوان المسلمون کے مرشد عام محمد بدیع اور اْن کی82حمایتیوں کو ایک جھوٹے اور بے بنیاد مقدمے میں پھانسی کی سزا دے کر عدل و انصاف کے تمام بنیادی تقاضوں کو پامال کرکے رکھ دیا ہے، یہ بے رحم جج وہاں غاصب فوجی حکمرانوں کے اشاروں پر انتقام گیری پر مبنی فیصلے سنا رہے ہیں ،حالانکہ دنیا جانتی ہے کہ بے گناہ ملزموں کو اپنی صفائی کا موقعہ بھی فراہم نہیں کیا جاتا ہے اور انہیں پنجروں میں قید کرکے عدالتوں کے سامنے پیش کیا جاتا ہے۔

بیان کے مطابق ان عدالتوں کے جج کھلا کھلا اپنی متعصب جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہیں اور کھلی عدالتوں میں بے بس ملزموں کو اپنی طعنوں اور ملامت کا شکار بنا دیتے ہیں، مصر کی عدالتوں نے ماضی میں بھی ظالمانہ اور غیر منصفانہ طرز عمل کا مظاہرہ کیا ہے جب سید قطب شہید، عبدالقادر عودہ شہید اور اْن کے دیگر ساتھیوں کو موت اور دیگر سخت سزائیں دی گئیں اور یہ سلسلہ برابر اْس وقت تک چلتا رہا جب محمد مرسی کو مصری عوام کی بھاری اکثریت نے صدارت کی کرسی پر فائز کیا لیکن فوجی بغاوت کے ذریعے محمد مرسی کو ناجائز طریقے سے صدارت سے معزول کیے جانے کے بعد، اس ظالمانہ عدالتی طرز عمل کا دوبارہ آغاز کیا گیا جس کے تحت گزشتہ ایام میں ایک عدالت نی28 بے گناہ ملزموں کو ایک پولیس اہلکار کے قتل کا بے بنیاد الزام لگا کر پھانسی کی سزا دی اور انہیں اپنے دفاع میں کچھ کہنے کا بھی کوئی موقع نہ دیا، یہ ظالم اپنے انجام بد سے بے خبر سفاکی کا مظاہرہ کررہے ہیں جس کا خمیازہ انہیں بہت جلد دیکھنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ جماعت اسلامی جموں و کشمیر محمد بدیع اور اْن کے ساتھیوں کو دی گئی سزائے موت پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئی، تمام عدل پرور اداروں پر زور دیتی ہے کہ وہ مصری عدالتوں کے ان غیر منصفانہ فیصلوں کو منسوخ کرانے کی خاطر اپنی بھرپور اثرورسوخ استعمال کریں۔