پشاور سمیت صوبے کے دیگر اضلاع کو خوبصورت بنانے کا پختہ عزم کر رکھا ہے،عنایت اللہ خان،پشاور کو حقیقی معنوں میں پھولوں کا شہر بنانے کیلئے گرین پختونخوا مہم مون سون میں دوبارہ شروع کی جائیگی ،تقریب سے خطاب

منگل 29 اپریل 2014 20:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اپریل۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے پشاور سمیت صوبے کے دیگر اضلاع کو خوبصورت بنانے کا پختہ عزم کر رکھا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ محکمہ نے انڈومنٹ فنڈ میں پانچ کروڑ روپے فنڈ جمع کیا ہے جس میں مزید اضافہ کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ گرین پختونخوا مہم مون سون میں دوبارہ شروع کی جائے گی تاکہ پشاور کو حقیقی معنوں میں پھولوں کا شہر بنایا جاسکے جبکہ رواں گرینری مہم 15مئی تک جاری رہے گی ۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے لوکل گورننگ سکول حیات آباد کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک رکن صوبائی اسمبلی ملک بہرام خان، سیکرٹری بلدیات حفظ الرحمن ،سیکرٹری ایل سی بی عطاء الرحمن ، کمشنر پشاور منیر اعظم ، ایڈمینسٹریٹر پشاور ڈویژن رشید احمد ،چیف افیسر جاوید امجد کے علاوہ مختلف اضلاع کے میونسپل افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ لوکل گورننگ سکول ایک منفرد انسٹیٹوٹ ہو گا جس میں میونسپل افسران ،ناظمین ،کونسلرز و دیگر افسران کو جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم وتربیت دی جائے گی ۔اُنہوں نے کہا کہ مختلف اضلاع میں رسیومراکز قائم کئے جائیں گے جن میں نچلی سطح پر لوگوں کو بنیادی سہولیات میسر ہو نگی۔واضح رہے کہ لوکل گورننگ سکول کا باقاعدہ افتتاع وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کیا۔بعد ازاں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے محکمہ بلدیات کے افسران میں شیلڈ بھی تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :