وطن کیلئے قربانی دینا مسلمانوں کاشیوا ہے خوش قسمت ہیں وہ والدین جن کے جوان بچے اپنے وطن پر قربان ہوتے ہیں

جمعہ 2 مئی 2014 15:58

میرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2مئی 2014ء) پاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے اوورسیز راہنما راجہ کامران منظور نے پاک فوج اور شہداء کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن کیلئے قربانی دینا مسلمانوں کاشیوا ہے خوش قسمت ہیں وہ والدین جن کے جوان بچے اپنے وطن پر قربان ہوتے ہیں پاک فوج کے سپہ سالار جنرل راحیل شریف شہیدوں کے خاندان سے تعلق رکھتے ہیں انہوں نے یوم شہداء پاک فوج کے موقع پر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور مسئلہ کشمیر کو خطہ میں امن کی چابی قراردے کر عالمی برادری پر واضح کردیاہے کہ مسئلہ کشمیر کو حل کیے بغیر برصغیر میں قیام امن کی تمام کوششیں اور کاوشیں ناکام ہوں گی مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت اور پاک فوج مل کر پاکستان کو عالمی سطح پر درپیش مسائل سے نجات دلانے میں کردار اداکررہے ہیں انشاء اللہ ملک پاکستان دہشت گردی کے عفریت سے جلد باہر نکلے گا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعتہ المبارک کے روز صحافیوں کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔راجہ کامران منظور نے کہا کہ جب پاکستانی قوم پاک افواج اور کشمیری ایک ایجنڈے پر متفق ہوں تو دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کو غلام نہیں رکھ سکتی انشاء اللہ مقبوضہ کشمیر جلد آزادہوکر پاکستان کاحصہ بنے گا انہوں نے پاک فوج کی طر ف سے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد آزادی کی حمایت کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف کے خطا ب سے پاکستان کے ادارے مستحکم ،جمہوریت مضبوط اور تحریک آزادی کشمیر کو تقویت ملے گی۔

انہوں نے مزید کہاکہ مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے بجلی کی لوڈشیڈنگ اور دیگر بڑے مسائل سے انشاء اللہ جلد عوام کی جان چھوٹے گی اس موقع پر راجہ کامران منظور نے وزیراعظم پاکستان میاں محمدنوازشریف کے دورہ برطانیہ کے موقع پر برطانوی وزیراعظم کی جانب سے پاکستان کی حمایت اور پاکستان کے دشمن کو اپنا دشمن قرار دینے پر پاکستان وکشمیری عوام کی جانب سے ان کا شکریہ اداکرتے ہوئے مطالبہ کیاکہ برطانیہ مسئلہ کشمیر کے حل اورکشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے کیلئے اپنا کردار اداکرے ۔