آزاد حکومت میڈیا کی آزادی پرمکمل یقین رکھتی ہے‘چوہدریی عبدالمجید

ہفتہ 3 مئی 2014 15:17

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3مئی 2014ء)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ آزاد حکومت میڈیا کی آزادی پرمکمل یقین رکھتی ہے اور آزاد ریاست کے اندر ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرے گی۔عالمی میڈیا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے میں کردار ادا کرے۔

عالمی یوم آزادی صحافت کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ صحافت جمہوریت کا اہم ستون ہے۔ آزاد صحافت کے بغیر جمہوریت مستحکم نہیں ہو سکتی پاکستان میں جمہوریت کی بحالی کی تحریک میں صحافیوں نے عظیم قربانیاں دی ہیں جن کوہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ آزادکشمیر میں صحافت مکمل آزاد ہے۔

(جاری ہے)

صحافیوں کو آزادانہ ماحول میں کام کرنے کا بہترین ماحول دستیاب ہے۔

میڈیا آزاد حکومت کی کارکردگی پر کھل کر تنقید بھی کرتا ہے جس کو ہم خندہ پیشانی کے ساتھ برداشت کرتے ہیں اور جن خرابیوں کی نشاندہی کی جاتی ہے ان کو دور کرنے کے لیے اقدامات بھی کیے جاتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ آزادکشمیر کے اندر کوئی سیاسی قیدی نہیں اور نہ ہی کوئی صحافی قید ہے۔آزادکشمیر میں صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت نے آزاد جموں و کشمیر پریس فاؤنڈیشن قائم کر رکھی ہے۔

اس کے تحت صحافیوں کو لائف انشورنس کے ساتھ ساتھ ہنگامی مالی مدد اور علاج ومعالجہ کی سہولیات بھی میسر ہیں۔حکومت نے تمام بڑے ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر صحافیوں کو پریس کلبوں کی عمارات تعمیر کر کے دی ہیں اور جو باقی ہیں ان کی عمارات بھی تعمیر کر دی جائیں گے اس کے علاوہ آزادکشمیر کے مختلف اضلاع میں صحافیوں کی رہائشی کالونیوں کے لیے اراضی بھی فراہم کرد ی گئی ہے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ عالمی میڈیا کو مقبوضہ کشمیر کے اندر بھارتی افواج اور پولیس کو انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کو بھی سامنے لانا چاہے۔ بھارت نے عالمی میڈیا کو مقبوضہ کشمیر میں داخلے پر پابندی لگا رکھی ہے اور آزاد صحافت کاگلا گھونٹ رکھاہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم آزاد کشمیر میں آزادانہ اور ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ کے لیے کردار ادا کرتے ہیں اور صحافیوں کی صحافتی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے وسائل بھی فراہم کرنے کو تیار ہیں۔