بعض نکمے لوگوں کو حکومت پر تنقید کرنے کی بیماری لگ گئی ہے‘وزیر اطلاعات آزاد کشمیر

پیر 5 مئی 2014 17:38

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5مئی 2014ء )آزادجموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات،زراعت و لائیو سٹاک سید بازل علی نقوی نے کہا ہے کہ بعض نکمے لوگوں کو حکومت پر تنقید کرنے کی بیماری لگ گئی ہے وزیرا عظم سے کہاہے کہ ایسے سیاسی یتیموں کے لئے علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کی جائیں ۔آصف علی زرداری نے سیاسی رواداری کا جو کلچر متعارف کرایا وہ تمام سیاسی قوتوں کے لیے مشعل راہ ہے ۔

بلاول بھٹو ہمارے قائد ہیں ان کی ہدایات کے مطابق خطہ کی تعمیر و ترقی کا عمل جاری رہے گا ۔محترمہ فریال تالپور نے ترقی یافتہ کشمیر کا ویژن دیا جس پر عوامی حکومت پوری طرح عمل پیرا ہے ۔ ۔پیپلز پارٹی کا ایجینڈا عوام کی خدمت اور ان کے معیار زندگی میں بہتری لانا ہے۔اس وقت آزادکشمیر میں ریکارڈ ترقیاتی کام جاری ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہارمختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوے کیا ۔

سید بازل علی نقوی نے کہا کہ عوامی حکومت نے غربت اور بیروزگاری کے خاتمے کے لئے ٹھوس حکمت عملی مرتب کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی پی پی کی حکومت نے ریاست میں سیاسی رواداری کے جس کلچر کو فروغ دیا ہے اس کی نظیرماضی میں کہیں نہیں ملتی ۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کو تین سال ہونے کو ہیں مگر ان تین سال کے دوران کسی کو بھی سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا گیا یہ ہی اصل جمہوریت ہے جس پر پیپلز پارٹی نے اپنے قائد آصف علی زرداری کے سیاسی فلسفے کے مطابق عمل کیا ہے ۔

بازل علی نقوی نے کہا میڈیکل کالج کشمیری عوام کو ایک خواب لگتا تھا جسے ہماری حکومت نے شرمندہ تعبیر کیا ۔انہوں نے کہا ہماری حکومت نے بے روزگاری کے خاتمے کے لیے دس ہزار اسامیاں تخلیق کیں جس سے لوگوں کی فلاح و بہبود کی راہ ہموار ہو گی ۔انہوں نے کہا وزیر اعظم مہاجرین کے لئے بھی خصوصی سہولتوں کا اعلان کیا جس کے تحت انہیں زندگی کی بنیادی سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے تمام اضلاع کو ایک اکائی قرار دیا ہے اور سب میں مساوی ترقیاتی کام کئے جائیں گے ۔