سعودی شہری نے بیوی کو مباکباددینے کے لیے سرکاری ویب سائٹ ہیک کرلی،ہیکرنے سائٹ ہیک کرنے پر سزاؤں کا بھی مذاق اڑایا،اپنے اس عمل سے دوسروں کو فائدہ پہنچانے کی پیش کش

پیر 5 مئی 2014 22:56

سعودی شہری نے بیوی کو مباکباددینے کے لیے سرکاری ویب سائٹ ہیک کرلی،ہیکرنے ..

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5مئی۔2014ء) سعودی شخص نے اپنی اہلیہ کو گریجوایشن کے امتحان میں کامیابی پر مبارکباد دینے کے لیے سرکاری ویب سائٹ ہیک کر لی اور اس پر بیگم کے نام تہنیتی پیغام پوسٹ کردیا ،میڈیارپورٹس کے مطابق اس سعودی ہیکر نے کمیشن برائے بجلی کی ویب سائٹ ہیک کرنے کے بعد لکھا کہ میں آپ کی ویب سائٹ ہیک کرنے پر معذرت خواہ ہوں لیکن میں اپنی شریک حیات بشائر کو اس کی گریجوایشن پر مبارک باد دینا چاہتا تھا اور ایسا میں آپ کی ویب سائٹ کے ذریعے کرنا چاہتا تھا،اس ہیکر نے مزید لکھاکہ میں ہرکسی کی کامیابی کا متمنی ہوں اس نے اپنے پیغام میں اسی پر بس نہیں کی بلکہ سعودی عرب میں ہیکروں کے خلاف نافذ سخت سزاوٴں کا بھی مضحکہ اڑایا اور سعودی حکومت کو مشورہ دیاکہ ہیکروں کو سخت سزائیں دینے سے زیادہ بہتر یہ ہوگا کہ آپ ویب سائٹس میں کوئی سقم ہی نہ چھوڑیں تاکہ ان کو ہیک نہ کیا جاسکے،ان صاحب نے دوسروں کو بھی اپنی مہارت سے استفادہ کرنے کی پیش کش کی اور لکھا کہ میں ہیک ہونے والی ویب سائٹس کے مالکان کو یہ باور کرانا چاہتا ہوں کہ آپ مجھ سے ای میل کے ذریعے رابطہ کرسکتے ہیں اور میں آپ کو ویب سائٹس میں دریافت ہونے والے اسقام کے بارے میں بتاوٴں گا۔

متعلقہ عنوان :