Live Updates

جمہوریت کو نقصان پہنچانے والے ہر اقدام کی مخالفت کرینگے ،پہلے ہی انداز تھا طالبان سے مذاکرات بے نتیجہ ہونگے ، فضل الرحمن ،عمران خان خیبر پختونخوا میں بھی دھاندلی کی تحقیقات کرائیں، دھرنے کے پیچھے کپتان کے کوئی اور ہی مقاصد ہیں ،میڈیا سے گفتگو

بدھ 7 مئی 2014 20:08

اسلام آباد/ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7مئی۔2014ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے واضح کیا ہے کہ جمہوریت کو نقصان پہنچانے والے ہر اقدام کی مخالفت کرینگے ،پہلے ہی انداز تھا طالبان سے مذاکرات بے نتیجہ ہونگے ، عمران خان خیبر پختونخوا میں بھی دھاندلی کی تحقیقات کرائیں، دھرنے کے پیچھے کپتان کے کوئی اور ہی مقاصد ہیں بدھ کو ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہاکہ ادارے کسی بھی ریاست میں ماں اور باپ کی طرح ہوتے ہیں انہیں بہت تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئین اور قانون کی متعین کردہ حدود میں رہ کر کام کرنا ہوتا ہے اوراداروں کے درمیان تصادم سے ملک کو ہی نقصان پہنچتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں جس طرح پاک فوج کے حق میں ریلیاں نکالی جارہی ہیں اس سے یہ ادارہ بھی سیاسی لگنے لگا ہے۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورت حال کی وجہ سے معیشت بری طرح متاثر ہورہی ہے، موجودہ حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے باعث ملک کے اقتصادی طور پر آگے بڑھنے کے کچھ اشارے ملے ہیں تاہم اس سلسلے میں ہمیں پارلیمنٹ کی قراردادوں پرعمل کرتے ہوئے اپنی خارجہ پالیسی پر نظرثانی کرنی چاہئے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ ہمیں اپنی خارجہ پالیسی پر نظرثانی کرنی چاہیے،ہمیں اندازہ تھا کہ طالبان سے مذاکرات بے نتیجہ ثابت ہوں گے ،ملک میں ہر ایسے اقدام سے اختلاف کریں گے جو جمہوریت کو نقصان پہنچائے۔ قبل ازیں اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ عمران خان خیبر پختونخوا میں بھی دھاندلی کی تحقیقات کرائیں، دھرنے کے پیچھے کپتان کے کوئی اور ہی مقاصد ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پولیو ایسا مرض نہیں جو ایک سے دوسرے کو منتقل ہوسکے، معلوم نہیں پاکستان پر سفری پابندیاں کیوں لگائی گئیں، اس حوالے سے حکومت کو حکمت عملی واضح کرنی ہوگی۔تحریک انصاف کی احتجاجی کال سے متعلق مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ عمران خان کی اکثر یو ٹرن لینے کی عادت ہے، ان کے دھرنے کے پیچھے کوئی اور ہی مقاصد کارفرماں ہیں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان کسی اورایجنڈے پرکام کررہے ہیں، انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے پورے ملک کی بات کی جائے ، چند حلقوں سے متعلق دھاندلی اور احتجاج سمجھ سے بالاترہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ کہ حکومت لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ پورانہیں کرسکی، لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ گھمبیر صورت اختیارکرگیا ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات