خلائی جہاز روزیٹا نے دمدار ستاروں کا تعاقب شروع کردیا

جمعرات 8 مئی 2014 15:30

لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8مئی 2014ء)یورپ کا خلائی جہاز روزیٹا جسے دمدار ستاروں کے تعاقب کے لیے روانہ کیا گیا تھا اس نے اپنے ہدف کا تعاقب شروع کر دیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق کنٹرول روم نے اس خلائی جہاز پر موجود اس مشین کو روشن کردیا جو خلا میں بکھرے برف اور گرد کے گولوں کی رفتار کا مقابلہ کرسکیں اور ان کا تعاقب کر سکیں۔

(جاری ہے)

گذشتہ روز 45 منٹ تک جلنے والا تھرسٹر مجوزہ دس اقدامات میں سے ایک تھا اور یہ سارے اقدامات چھ اگست سے پہلے پہلے مکمل کر لیے جائیں گے کیونکہ اس کے بعد روزیٹا کو مدار میں دمدار ستارے 67 پی/ چریوموو گراسیمنکو کے پاس چھوڑ دیا جائے گا اس کے بعد وہ تھرسٹر اس کا جائزہ لے گا اور اس پر اپنی خلائی گاڑی اتار دے گا۔

دمدار ستارے کے ساتھ یہ ربط نومبر کے وسط کے لیے طے کیا گیا ہے روزیٹا اور 67 پی فی الحال زمین سے 53 کروڑ 80 لاکھ کلو میٹر کے فاصلے پر ہیں اور یہ خلائی گاڑی دمدار ستارے سے قدرے آگے ہے۔رپورٹ کے مطابق دونوں کے درمیان کا فاصلہ روزانہ کم ہو رہا ہے تاہم اب بھی دونوں کے درمیان 18 لاکھ کلو میٹر کا فاصلہ ہے۔روزیٹا کی رفتار نسبتاً کم ہو کر 1 ایم فی سیکنڈ رہ جائے گی اور دونوں کے درمیان 100 کلومیٹر سے کم کا فاصلہ ہی رہ جائے گا۔