برصغیر میں قیام امن مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے‘ جماعت اسلامی

پیر 12 مئی 2014 16:35

سرینگر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12مئی 2014ء) وادی کشمیر میں نوجوانوں کی بلاجواز گرفتاریوں سے غیر یقینی صورتحال پیدا ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ جب تک اس مسئلے کو یہاں کے عوم کی خواہشات کے مطابق حل نہ کیا جائے تب تک نہ صرف جموں و کشمیر بلکہ پورے بر صغیر میں قیام امن کی کوششیں کامیاب نہیں ہو سکتیں ۔برصغیر میں قیام امن مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے ‘ اقوام متحدہ کو چاہئے وہ اپنی قرارداد وں پر عملدرآمد کرے تاکہ کشمیری بھی سکھ کا سانس لے سکیں-جماعت اسلامی ضلع اسلام آباد کا سالانہ یک روزہ اجتماع احاطہ ضلعی دفتر اسلام آباد میں زیر صدارت امیر جماعت محمد عبد اللہ وانی منعقد ہوا۔

مسئلہ کشمیر پر جماعت اسلامی کے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے قیم جماعت ڈاکٹر عبد الحمید فیاض نے کہا کہ جب تک اس مسئلے کو یہاں کے عوم کی خواہشات کے مطابق حل نہ کیا جائے تب تک نہ صرف جموں و کشمیر بلکہ پورے بر صغیر میں قیام امن کی کوششیں کامیاب نہیں ہو سکتیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل کیا جانا چاہئے اور اگر کسی وجہ سے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کو عملانا ممکن نہ ہو تو سہ فریقی مذاکرات کے ذریعے سے اس مسئلے کا حل ڈھونڈنے کی کوشش کی جانی چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کے حل کے لئے جماعت اسلامی نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں ۔ ڈاکٹر فیاض نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے یہاں کے عوام کی زندگیاں مصائب سے دوچار ہو چکی ہیں اور ہند و پاک ممالک کے تعلقات بھی ہمیشہ کشیدگی کے شکار رہتے ہیں ۔ لہٰذا اس مسئلے کو مزید کسی تاخیر کے بغیر ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جانا چاہئے۔ ڈاکٹر فیاض نے انتخابات کے بعد پوری وادی میں پولیس کے ذریعے نوجوانوں کی بلا جواز گرفتاریوں کی بھر پور مذمت کر تے ہو ئے کہا کہ ان حرکات سے پوری وادی میں بے چینی اور غیر یقینیت کی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔ انہوں نے گزشتہ مہینے سرینگر میں سی آر پی ایف کے ہاتھوں ایک نوجوان بشیر احمد کی ہلاکت کی بھی مذمت کی ۔اجتماع میں ہزاروں افراد نے شرکت کی-