الطاف حسین کے پاسپورٹ کا معاملہ ، متحدہ قومی موومنٹ کا سینیٹ اجلاس سے بائیکاٹ ، پاسپورٹ نہ دینے پر کراچی ایک سال تک بند رکھنے کی دھمکی ، ہمیں پتہ ہے الطاف حسین کو پاکستان کی یاد کیوں آ رہی ہے ، مسلم لیگ ن

پیر 12 مئی 2014 20:17

الطاف حسین کے پاسپورٹ کا معاملہ ، متحدہ قومی موومنٹ کا سینیٹ اجلاس ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مئی۔2014ء) مسلم لیگ(ن) کے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ ہمیں پتا ہے کہ ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کو وطن کی یاد کیوں آرہی کیوں کہ ان کا لندن میں رہنا تنگ کردیا گیا ہے۔سینیٹ کا اجلاس ڈپٹی چیرمین صابر بلوچ کی صدارت میں ہوا جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے ایم کیوایم کے سینیٹر طاہر مشہدی نے کہا کہ الطاف حسین نے 4 اپریل کو پاسپورٹ کے لئے دستاویزات اور فیس لندن میں جمع کرائی، جس کے بعد انہیں ٹریکنگ نمبر بھی جاری کیا گیا۔

اب وزارت داخلہ کے حکام ان کی جانب سے درخواست ملنے سے ہی انکاری ہیں۔ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ جاری نہ کیے جانے کے خلاف متحدہ نے احتجاجاً اجلاس سے واک آؤٹ کیا جس پرمسلم لیگ(ن) کے سینیٹرمشاہد اللہ خان کا کہنا تھا کہ 12 مئی کے دن ایم کیوایم والوں کو پاسپورٹ کیسے یاد آگیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں پتا ہے الطاف حسین کو وطن کی یاد کیوں آرہی ہے کیونکہ ان کا لندن میں رہنا تنگ کردیا گیا ہے جبکہ الطاف حسین پاکستان آئیں گے اور نہ ہی انہیں یہاں آنے دیا جائے گا۔

سینیٹرنسرین جلیل نے کہا کہ ایم کیوایم کو غدار ثابت کرنے کی سازش ہوئی جناح پور کے نقشے سامنے لائے گئے اور 12مئی ملکی تاریخ کا بدترین دن ہے اس دن ہمارے 42 کارکنوں کو قتل کیا گیا، اجلاس کے دوران ارکان سینیٹ نے بھی سانحہ 12 مئی کو پر اظہار خیال کیا اس موقع پرعوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹرز نے مطالبہ کیا کہ سانحہ 12مئی 2007 کے ذمے داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، بعد ازاں سانحہ کے خلاف تمام جماعتوں نے احتجاجاً ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ کے سینیٹر طاہر مشہدی نے کہا کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ میں جھوٹ بولا گیا کہ الطاف حسین نے پاسپورٹ کے لئے ابھی تک درخواست نہیں دی ۔الطاف حسین کو پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے لئے لندن میں درخواست اور فیس جمع کرائے ایک ماہ ہو گیا ۔طاہر مشہدی نے کہا کہ الطاف حسین کو پاکستانی پاسپورٹ نہیں دیاجا رہا اور اس بارے میں جھوٹ بولا جا رہا ہے۔

اگر الطاف حسین کو پاسپورٹ جاری نہ کیا گیا تو ایک سال کے لئے کراچی کو بند کردیں گے ۔ طاہر مشہدی نے مزید کہا یہ کیسی ریاست ہے کہ ایک شخص برطانیہ میں بیٹھ کر آئین سے بغاوت کی دعوت دیتا ہے ۔ طاہر القادری نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان میں تبدیلی آئین کے ذریعے نہیں انقلاب کے ذریعے آنی چاہئے ۔