محکمہ صحت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں،رحمت صالح بلوچ

بدھ 14 مئی 2014 20:49

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مئی۔2014ء)محکمہ صحت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ نے آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کلینیکل لیبارٹریز کے زیراہتمام میڈیکل ایجوکیشن کے حوالے سے ایک روزہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں کراچی کے ناومر ڈاکٹر شاہد پرویز نے کینسر جیسے موذی مرض کے بارے میں جبکہ ڈاکٹر داؤد غلزئی اور ڈاکٹر نصیب اللہ زرکون نے ہیپاٹائٹس کے بارے میں آگاہی دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ ماضی میں صحت کے شعبے پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی صحت کے شعبے کو فعال کرنا موجودہ حکومت کا اولین مشن ہے ہماری کوشش ہے کہ عوام کو صحت کے حوالے سے اچھے نتائج دیں ، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹری پیشہ ایک مقدس پیشہ ہے ، ڈاکٹر حضرات دکھی انسانیت کی خاطر اپنے فرائض ایمانداری اور لگن سے ادا کریں اور قوم کے مسیحا بن کر غریب عوام اور صحت مند معاشرہ کے قیام کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے صحت کے حوالے سے آغا خان یونیورسٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یونیورسٹی مستقبل میں بھی عوام کی بھلائی کے لئے کام کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ آغا خان یونیورسٹی باقی صوبوں کی طرح بلوچستان کے عوام کے لئے بھی ایک خصوصی پیکج رکھیں اور بلوچستان کے عوام کی مشکلات کو کم کرنے میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کم عرصے کے دوران صحت کے حوالے سے مسائل کم کئے گئے ہیں، پروگرام کے آرگنائز عرفان علی نے پروگرام کے مقاصد اور نظام کے بارے میں تفصیلاًآگاہی دی۔