وزیراعلیٰ پنجاب سے کم عمر مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈکمپیوٹر سپیشلسٹ مہروز یاور کی ملاقات، مبارکباد اور لیپ ٹاپ کا تحفہ دیا،مہروز یاورنے کم عمری میں کمپیوٹر سپیشلسٹ بن کر ملک وقوم کا نام روشن کیا ہے، جس پر پوری قوم کو فخر ہے‘ محمد شہبازشریف ،بڑے ہوکر کیا بننا چاہتے ہو؟ وزیراعلیٰ،بڑا ہو کر آپ کی طرح عوام کی خدمت کرنا چاہتا ہوں بارش ہو یا دھوپ آپ کو ہمیشہ عوام کے درمیان دیکھا ہے‘ مہروز یاور وزیراعلیٰ اور طالب علم کے درمیان دلچسپ مکالمہ

جمعہ 16 مئی 2014 20:32

وزیراعلیٰ پنجاب سے کم عمر مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈکمپیوٹر سپیشلسٹ مہروز ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مئی۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے کم عمر مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ کمپیوٹر سپیشلسٹ مہروز یاورنے ملاقات کی،ساڑھے 6برس کی عمر میں مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ کمپیوٹر سپیشلسٹ کا اعزاز حاصل کرنے پر مہروز یاورکو وزیراعلیٰ نے لیپ ٹاپ کا تحفہ دیا،صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان اور مہروز یاور کی والدہ بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مہروز یاور نے کم عمری میں کمپیوٹر سپیشلسٹ بن کر ملک وقوم کا نام روشن کیا ہے۔ساڑھے 6برس کی عمر میں پاکستانی طالب علم نے اپنی محنت اورٹیلنٹ کا لوہا منوایاہے اور ثابت کیا کہ پاکستانی قابلیت اور صلاحیت کے لحاظ سے کسی سے کم نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے طالبعلم اور اس کی والدہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ مہروز یاور جیسے باصلاحیت بچے پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں اورپوری قوم کو ان پر فخر ہے ۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف اور کم عمر مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ طالبعلم کے درمیان دلچسپ مکالمہ بھی ہوا-وزیراعلیٰ نے طالبعلم سے مکالمہ کے دوران پوچھاکہ مائیکرو سافٹ سرٹیفکیشن میں کون سے کورسز ہوتے ہیں؟۔مہروز یاورنے جواب دیاآئی ٹی کے کورسز ہوتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے طالبعلم سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ بڑے ہو کر کیا بننا چاہتے ہو؟۔

جس پر طالبعلم نے جواب دیا کہ میں آپ کی طرح بڑا ہو کر عوام کی خدمت کرنا چاہتاہوں،بارش ہو یا دھوپ آپ کو ہمیشہ عوام کے درمیان دیکھا ہے- وزیراعلیٰ نے کہاکہ میں آئی پیڈ میں غیر ملکی اخبارات او رجرائد کا مطالعہ کرتا ہوں۔مہروز یاور نے کہاکہ سر! میں بھی نیٹ پر مائیکروسافٹ کے نئے کورس کی تیاری کر رہا ہوں جس کا اگلے برس امتحان دوں گا۔وزیراعلیٰ نے بچے کو پیار کیا اورمستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔