عوامی مفاد کے منصوبوں کی تکمیل کے لئے بلاتخصیص جدوجہد جاری رکھوں گا‘وزیر جنگلات آزاد کشمیر

بدھ 21 مئی 2014 16:28

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21مئی 2014ء)آزادکشمیر کے وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب نے کہا ہے کہ عوامی مفاد کے منصوبوں کی تکمیل کے لئے بلاتخصیص جدوجہد جاری رکھوں گا۔عوام کو ان کی دہلیز پر زندگی کی تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی ہمارا منشور ہے۔خطہ سے بے روزگاری کا خاتمہ،تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور تعمیر وترقی وخوشحالی کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔

تین سالہ دور میں تعلیمی ادارے اپ گریڈ کرکے تعلیمی انقلاب برپا کردیا ہے۔تھانہ کلچر ختم کردیا ہے اور عوام کو انصاف کی فراہمی کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔قائد عوام شہید ذواالفقار علی بھٹو نے عوام کو جینا سکھایا اور آج لوگ بھٹو شہید کی قربانی کی وجہ سے سر فخر سے بلند کرکے زندگی گزاررہے ہیں۔

(جاری ہے)

شبیلہ بٹنگی مین روڈ،پگوٹھہ بٹنگی لنگ روڈ،شبیلہ بٹنگی اور پگوٹھہ کے لئے واٹر سپلائی سکیموں ،شبیلہ بٹنگی اور پگوٹھہ کے بوائز وگرلز پرائمری سکولز کی اپ گریڈیشن کا اعلان۔

ان خیالات کااظہار وزیر جنگلات نے یونین کونسل سید پور شبیلہ بٹنگی کے مقام پر ایک بہت بڑے جلسہ عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جلسہ عام سے مشیر حکومت راجہ ساجد خان نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر پیپلزپارٹی حلقہ نمبر1کے سینئر رہنماؤں کے علاوہ عوام اور کارکنان کی ایک کثیر تعداد بھی موجود تھی۔جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر جنگلات نے کہا کہ عوام کی خدمت کا منشور لے کر آئے ہیں اور کوئی بھی سازش ہمیں عوامی خدمت سے پیچھے نہیں ہٹا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت مشنری جذبے کے تحت کام کررہی ہے اور محنت اور خدمت کے جذبے کے تحت اپنا مشن پورا کریں گے۔وزیر جنگلات نے کہا کہ میں نے اپنے حلقہ میں پختہ اور کچی سڑکوں کا جال بچھا دیا ہے اور حلقہ میں عوام کو صحت کی سہولیات ،پینے کے صاف پانی کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ اپنے دور حکومت میں 80فیصد لوگوں کی مشکلات ومسائل حل کردیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے تھانہ کلچر کا خاتمہ کردیا ہے اب عوام کو انصاف ان کی دہلیز پر مل رہا ہے۔جو لوگ اپنے چولہے تھانہ کلچر کے ذریعے چلاتے تھے ان کا روزگار بند ہوچکا ہے۔وزیر جنگلات نے مرکزی عیدگاہ شبیلہ بٹنگی کے لئے پچاس ہزار روپے کا بھی اعلان کیا۔