کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا مقصد مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ہے ،میرو اعظ عمر فاروق

بدھ 21 مئی 2014 16:58

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21مئی 2014ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پائیدار حل کشمیریوں کی پر امن جدوجہد کا بنیادی مقصد ہے جس کیلئے کشمیریوں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں میر واعظ عمر فاروق نے ان خیالات کا اظہار اپنی پارٹی (عوامی مجلس عمل )کے زیراہتمام ہفتہ شہادت کے سلسلے میں منعقدہ ایک ریلی سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے معروف کشمیری رہنماؤں میر واعظ مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کو ان کی شہادت کی برسیوں پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔انہوں نے کہاکہ ظلم اور استبداد کے سامنے کشمیری قوم نہ کبھی جھکی ہے نہ جھکے گی اور بھارت ریاستی دہشت گردی کے ذریعے ہمارے عزائم کو کمزور نہیں کرسکتا۔

(جاری ہے)

میرواعظ نے کہا کہ بھارت میں نئی سیاسی قیادت اقتدار سنبھالنے جارہی ہے ،ہم امید کرتے ہیں کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے اپنی سوچ اور پالیسی میں تبدیلی اور حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرکے اس مسئلہ کے دائمی حل کیلئے بامعنی اقدامات کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ یہ بھارت کیلئے اہم وقت ہے کہ وہ اپنی ہٹ دھرمی ترک کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان اور کشمیری قیادت سے نتیجہ خیز مذاکرات شروع کرے۔میر واعظ نے کہاکہ کشمیری عوام نے گزشتہ کئی دہائیو ں کے دوران مصائب اور مشکلات کا سامنا کیا ہے اور آج جب وہ اپنے شہید قائدین کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں تو قابض انتظامیہ نے سینکڑوں نوجوان اور حریت پسند قائدین کو سیاسی سرگرمیاں جاری رکھنے سے روکنے کیلئے نظربند کردیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حل کے ذریعے ہی جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن و سلامتی کی ضمانت فراہم ہو سکتی ہے اورپاکستان ،بھارت اور کشمیری قیادت پر مشتمل سہ فریقی مذاکراتی عمل اس کے حل کا بہترین طریقہ ہے ۔ عوامی ایکشن کمیٹی کے سینئر رہنماؤں غلام نبی زکی، ایڈوکیٹ نذیر احمد رونگا، محمد شفیع خان،ڈی آر شرما، عبدالغنی شاہ اور دیگر نے بھی ریلی سے خطاب کیا ۔