حکومت بجلی کے نرخوں میں اضافہ کرنے جارہی ہے ،اگرایسا کیا گیا توپارلیمنٹ کے علاوہ سڑکوں پر بھی احتجاج کریں گے ،اسد عمر ،ہم جمہوری لوگ ہیں ۔جمہوریت کو ڈی ریل نہیں کرنا چاہتے،احتجاج کا مقصد الیکشن کمیشن کو مضبوط اور بااختیار بنانا ہے ،میڈیا سیل میں پریس کانفرنس

بدھ 21 مئی 2014 19:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مئی۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے کہا ہے کہ عمران خان نیحکومت جولائی میں بجلی کے نرخوں میں اضافہ کرنے جارہی ہے ۔اگر بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تو پھر حکومت کے خلاف پارلیمنٹ کے علاوہ سڑکوں پر بھی احتجاج کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو تحریک انصاف میڈیا سیل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر تحریک انصاف سندھ کے صدر نادر اکمل لغاری ،ایم این اے عارف علوی ،ایم پی اے خرم شیرزمان اور دیگربھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ مجھ پر اور شفقت محمود پر امن کی آشا کے حوالے سے جو الزامات عائد کیے جارہے ہیں وہ غلط اور بے بنیاد ہیں ۔ہم اس کے ممبر تو تھے لیکن انتظامی اور مالیاتی امور سے ہمارا کوئی تعلق نہیں تھا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف 2013میں ہونے والے انتخابات میں دھاندلیوں کے خلاف احتجاج کررہی ہے ۔

ہم جمہوری لوگ ہیں ۔جمہوریت کو ڈی ریل نہیں کرنا چاہتے ۔ہمارے احتجاج کا مقصد یہ ہے کہ الیکشن کمیشن کو بااختیار اور خودمختار بنایا جائے اور پارلیمنٹ کے ذریعے الیکشن کمیشن خودمختاری کے لیے اصلاحات کی جائیں تاکہ آئندہ الیکشن شفاف اور میرٹ پر منعقد ہوسکیں اورعوام اپنی مرضی کے نمائندوں کو منتخب کرسکیں ۔انہوں نے کہا کہ نواز حکومت نے الیکشن سے قبل یہ وعدے کیے تھے کہ ملک کو توانائی کے بحران سے نجات دلائی جائے گی اور معیشت کو مضبوط کیا جائے گا تاہم یہ وعدے وفا نہ ہوسکے ملک میں توانائی کا بحران جوں کا توں ہے ۔

حکومت نے گڈانی اور پنجاب میں جو توانائی منصوبے لگائے ہیں ان پر سنگ بنیاد کی تختیاں تو لگادی گئی ہیں لیکن منصوبوں پر کام کی رفتار کا کچھ پتہ نہیں ۔انہوں نے سوال کیا کہ حکومت نے توانائی بحران کے حل کے لیے 480ارب روپے رکھے تھے ۔جبکہ 300ارب روپے گردشی قرضوں اور 200ارب روپے آئی پی پی پیز کو دینے کے لیے مختص کیے گئے ۔یہ گرانٹ کہاں ہیں اور کہاں خرچ کی گئی ہے اس کا کسی کو علم نہیں ۔

حکومت اس کا حساب دے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت مسائل کو مفاہمت سے حل کرنے کے بجائے تکرار کی پالیسی پر گامزن ہے ،جو ملک کے لیے نقصان دہ ہے ۔اسد عمر نے کہا کہ ریاستی اداروں پر الزام تراشی کرنے والے لوگ ملک کے دوست نہیں بلکہ دشمن ہیں ۔حالیہ دنوں میں جنگ اور جیو کی جانب سے جو منفی پروپیگنڈا ملک کے قومی سلامتی ادارے کے خلاف کیا گیا ہے وہ قابل مذمت ہے اور اس کے پیچھے کیا محرکات ہیں اس کی تحقیقات ہونی چاہئیں ۔

انہوں نے کہا کہ گردشی قرضے کم ہونے کی بجائے مزید بڑھے گئے ہیں ،جس کی وجہ سے کرپشن میں اضافہ ہوا ہے ،جو قابل مذمت ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا کا واحد ملک ہے جہاں سب سے زیادہ مہنگی بجلی استعمال کی جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے گذشتہ دنوں یہ اعلان کیا تھا کہ بیرون ملک موجود ملکی اثاثے واپس لائے جائیں گے لیکن یہ معاملہ بھی اشرافیہ کو نوازنے کے لیے دبادیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نئے بجٹ میں بھی کوئی امید نہیں ہے کہ عوام کو کوئی ریلیف مل سکے گا ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں عوام کے مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد کو جاری رکھے گی ۔