صوبہ خیبر پختونخوا میں لائیو سٹاک کے شعبے کے فروغ سے صوبائی معیشت کو استحکام نصیب ہوگا،اکرام اللہ، ڈیری سائنس پارک کے زیر اہتمام لائیو سٹاک کے شعبے کی ترقی اور اس سے متعلقہ سہولیات کی فراہمی کیلئے چیمبر ہاؤس میں بزنس فیسیلیٹیشن ڈیسک کا افتتاح

بدھ 21 مئی 2014 19:44

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مئی۔2014ء)صوبائی زراعت اکرام اللہ گنڈاپور اور خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زاہداللہ شنواری نے ڈیری سائنس پارک کے زیر اہتمام لائیو سٹاک کے شعبے کی ترقی اور اس سے متعلقہ سہولیات کی فراہمی کیلئے چیمبر ہاؤس میں بزنس فیسیلیٹیشن ڈیسک کا افتتاح کیا ہے۔ بزنس فیسیلیٹیشن ڈیسک میں لائیو سٹاک ، پولٹری اور ڈیری فارم کے کاروبار سے متعلق تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی اور اس شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے سرمایہ کاروں کو تمام معلومات دی جائیں گی۔

صوبائی وزیر زراعت اکرام اللہ گنڈا پور اورخیبر پختونخوا چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری نے بزنس فیسیلٹیشن ڈیسک کے قیام کو لائیو سٹاک کے شعبے کی ترقی میں سنگ میل قرار دیا ہے اور یقین ظاہر کیا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں لائیو سٹاک کے شعبے کے فروغ سے صوبائی معیشت کو استحکام نصیب ہوگا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر زراعت اکرام اللہ گنڈاپور نے بدھ کے روز خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری کے ہمراہ چیمبر ہاؤس میں بزنس فیسیلیٹیشن ڈیسک کا افتتاح کیا ۔

اس موقع پر زرعی یونیورسٹی کے ڈین پروفیسر ایم سبحان قریشی ، KPBOIT کے چیف ایگزیکٹو جاوید حشمت ، چیمبرکے سابق صدر ملک نیاز احمد ، چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد شفیق ، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین ملک افتخار احمد اعوان ، حاجی اقبال خان ، فضل واحد ، عابد اللہ ، فیض رسول اور ضیاء الحق سرحدی ، ملک محمد علی سوہنی ، صدر گل ، محمد اقبال ، حفیظ الرحمان اور لائیو سٹاک اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے اراکین کثیر تعداد میں موجود تھے ۔

چیمبر ہاؤس میں بزنس فیسیلٹیشن ڈیسک کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر زاہدا للہ شنواری نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں لائیو سٹاک کے شعبے میں وسیع سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے اس شعبے کو ترقی دیکر صوبے میں غربت کے خاتمے اور روزگار کے مواقع پیدا کئے جاسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا چیمبر نے لائیو سٹاک کے شعبے کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلی مرتبہ لائیو سٹاک سٹینڈنگ کمیٹی قائم کی ہے جس کے پلیٹ فارم سے اس شعبہ میں سرمایہ کاری ، پولٹری ، ڈیری اور لائیو سٹاک سے متعلقہ ممبران کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر زراعت اکرام اللہ گنڈا پور نے چیمبر ہاؤس میں ڈیری سائنس پارک کی جانب سے بزنس فیسیلیٹیشن ڈیسک کے قیام کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ صوبائی حکومت اس حوالے سے بزنس کمیونٹی کو تمام تر بنیادی سہولیات فراہم کرے گی۔

انہوں نے سرمایہ کاروں کو ڈی آئی خان میں گندم کی پیداوار اور لائیو سٹاک کے شعبے میں سرمایہ کاری اور اراضی دینے کی دعوت بھی دی اور کہا کہ ڈی آئی خان گندم کی پیداوار اور لائیو سٹاک کے شعبے کے لئے موزوں ترین علاقہ ہے ۔ انہوں نے فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ مینجمنٹ کمیٹیوں میں ایسوسی ایشن کو بھرپور نمائندگی دینے پر بھی آمادگی ظاہر کی اور کہا کہ وزارت زراعت متعلقہ شعبوں کی بزنس کمیونٹی کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرے گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی آف ایگریکلچرل کے ڈین پروفیسر ایم سبحان قریشی نے ڈیری سائنس پارک اور اس کے زیر اہتمام بزنس فیسیلیٹیشن ڈیسک کے اغراض و مقاصد اور اس کے ذریعے بزنس کمیونٹی کو فراہم کی جانیوالی سہولیات سے آگاہ کیا اور کہا کہ اس ڈیسک کے ذریعے لائیو سٹاک کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو اہم اور فوری معلومات فراہم کی جائیں گی۔ اس سے قبل ڈیری سائنس پارک کے زیر اہتمام چیمبر ہاؤس میں ورکشاپ کا انعقاد کیاگیا ۔ورکشاپ سے خیبر پختونخوا چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد شفیق نے بھی خطاب کیا اور چیمبر کی جانب لائیو سٹاک کے شعبے سے وابستہ افراد کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔