وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے ، اسحاق ڈار،زراعت اور صنعت سمیت تمام شعبوں میں نمایاں ترقی ہورہی ہے ،احتجاج کی سیاست ملک کی معیشت کیلئے نقصان دہ ہے ،مربوط پالیسیوں کے ذریعے ملک میں معاشی انقلاب برپا کرینگے ، وفاقی وزیر خزانہ کا تقریب سے خطاب

بدھ 21 مئی 2014 20:29

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مئی۔2014ء) وفاقی وزیر خزانہ وسینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے زراعت اور صنعت سمیت تمام شعبوں میں نمایاں ترقی ہورہی ہے، احتجاج کی سیاست ملک کی معیشت کیلئے نقصان دہ ہے اقلیتوں کی ترقی کیلئے یکساں مواقع دینے چاہیے انہوں نے کہاکہ مربوط پالیسیوں کے ذریعے ملک میں معاشی انقلاب برپا کرینگے ۔

انہوں نے یہ بات بدھ کوگورنر ہاؤس میں تعلیمی اخراجات واپسی اسکیم کا باضابطہ آغاز کرتے ہوئے کہی اسکیم سے ملک بھر کے 59پسماندہ اضلاع کے 33ہزار 440طلباء مستفید ہونگے وفاقی وزیر خزانہ نے کہاکہ اسکیم کا مقصد پسماندہ علاقوں کے ہونہار طلباء کو بہترین تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہے ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اخراجات واپسی اسکیم ہماری حکومت میں جاری رہیگی ۔

(جاری ہے)

حکومت آئندہ چار سال میں تعلیمی بجٹ کو دوگنا کریگی ۔ان کاکہنا تھا کہ بلوچستان حکومت کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس سلسلے میں متعدد منصوبوں پر کام کا آغاز کردیاگیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ احتجاج کی سیاست سے ملک کو پہلے ہی بہت نقصان ہوچکا ہے عوام نے ہمیں منتخب کیا ہے وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کو عوام نے ایک بہت بڑا مینڈیٹ دیا ہے ہم عوام کے مشکور ہیں ہماری حکومت کا ایک سال مکمل ہوگیا ہے ہم عوام کی خدمت میں لگے ہوئے ہیں احتجاجی مظاہروں سے کچھ حاصل نہیں ہوگا بلکہ اس سے ملک کو نقصان ہوگا ۔

احتجاج کرنیوالوں سے گزارش ہے کہ وہ اپنا کام ایک دائرے کے اندر رہ کر ے اور ہمیں اپنا کام کرنے دیں اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہاکہ بلوچستان میں تعلیمی نظام کی بہتری کیلئے دن رات کوشاں ہے اس لئے صوبے میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کررکھی ہے انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں سے 33لاکھ میں سے 22لاکھ بچے سکول جانے سے محروم ہیں بلوچستان میں معیار تعلیم دوسرے صوبوں کے برابر لائینگے تعلیم کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوگی ۔اس موقع پر گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی صوبائی وزراء ارکان اسمبلی بھی موجود تھے ۔