وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے کھیل عادل صدیقی کا سندھ گیمز کے انعقاد کا اعلان،رواں سال کراچی جبکہ آئندہ برس حیدرآباد میں ہوں گے‘ اسپورٹس ڈے حیدرآباد کی تقریب سے خطاب

جمعہ 23 مئی 2014 21:10

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مئی۔2014ء) اسپورٹس ڈے کے انعقاد کا مقصد حیدرآباد میں کھیلوں کو فروغ دینا اور نوجوانوں میں تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا شعور بیدار کرنا بھی ہے تاکہ یہ نوجوان تعلیم کے ساتھ ساتھ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کھیلوں میں پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کرسکیں۔ اس بات کا اظہار وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے کھیل عادل صدیقی نے افضال شاہ گراؤنڈ میں اسپورٹس ڈے پر ہونے والے مختلف کھیلوں میں فتح حاصل کرنے والے کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا مملکت کا چوتھا ستون ہے جو معاشرے کے خوبیوں اور خامیوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی سیکریٹری کھیل محمد خالد خان، ایم این اے وسیم حسین، ایم پی ایز زبیر احمد خان، راشد خلجی، صابر قائم خانی،دلاور قریشی، سید راحت علی شاہ، عقیل احمد، ارشاد علی مخدوم ، نوید شمسی، راشد ممتاز، اسپورٹس کمیٹی کے اراکین شبیر احمد، قاضی ندیم و دیگر زونل اراکین اور حیدرآباد کے شائقین کھیل کی ایک کثیر تعداد موجود تھی حیدرآباد کے شائقین نے اسپورٹس ڈے کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا اور عادل صدیقی کے اس اقدام کو سراہا۔

(جاری ہے)

رات دو بجے ہونے والی اس تقسیم تقریب انعامات میں عادل صدیقی نے حیدرآباد کلب میں ہونے والے بیڈمنٹن ، ٹیبل ٹینس اور اسنوکر جبکہ رات میں ہونے والے کرکٹ میچز کے فاتح کھلاڑیوں میں ٹرافیان، شیلڈ زاور نقد انعامات تقسیم کیئے۔ قبل ازیں افضال شاہ کرکٹ گراؤنڈ میں محدود اوور کے دو کرکٹ میچز بھی کھیلے گئے۔ جس میں حیدرآباد انڈر19-نے حیدرآباد انڈر 16-کو 8وکٹوں سے شکست دی۔

دوسرا میچ یونین آف جرنلٹس حیدرآباد اور ایم کیو ایم حیدرآباد زون کے درمیان کھیلا گیا جس میں ممبر صوبائی اسمبلی زبیر احمد خان کی دھوان دار بیٹنگ کے سبب اس سنسنی خیز میچ میں یونین آف جرنلٹس حیدرآباد کو 5وکٹ سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ اسپورٹس کمیٹی حیدرآباد کی جانب سے مشیر برائے کھیل عادل صدیقی کو اعزازی شیلڈ اور زونل اراکین کی جانب سے سندھی ٹوپی اور اجرک کا تحفہ پیش کیا گیا۔ اس موقع پر مشیر برائے کھیل عادل صدیقی نے کراچی میں سندھ گیمز کرانے کا اعلان بھی کیا انہوں نے کہا کہ2014میں سندھ گیمز کراچی جبکہ 2015میں حیدرآباد میں منعقد ہوں گے۔