وزارت خارجہ کا وزیراعظم کو نریندرمودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہ کرنے مشورہ

جمعہ 23 مئی 2014 21:50

وزارت خارجہ کا وزیراعظم کو نریندرمودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مئی۔2014ء) وزارت خارجہ نے وزیراعظم ہاؤس کو ایڈوائس سمری ارسال کی ہے جس میں انہیں مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ نریندرمودی کی وزارت عظمیٰ کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت سے معذرت کرلیں۔نجی ٹی وی کےمطابق وزارت خارجہ کی جانب سے وزیراعظم نوازشریف کو بھارت کے نامزد وزیراعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے متعلق سمری بھیجی گئی ہے جس میں وزیراعظم کو تقریب میں نہ جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے بھیجی گئی ایڈوائس سمری میں وزیراعظم نوازشریف کے نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں جانے کو خطے میں بھارت کی بالادستی کو تسلیم کرنے کے مترادف قرار دے کر کہا گیا ہے پاکستان اس طرح کے اقدام سے گریز کرے، سمری میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کو صرف جامع مذاکرات اور سربراہی ملاقات کے لیے بھارت جانا چاہئے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وزیراعظم نوازشریف کی نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے متعلق سفارتی اور اعلیٰ سطح کی مشاورت بھی جاری ہے اور سفارتی حلقے بھی وزیراعظم نوازشریف کو تقریب حلف برداری میں نہ جانے کا مشورہ دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت کے نامزد وزیراعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری 26مئی کو ہوگی جس میں عالمی رہنماؤں سمیت نوازشریف کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :