آرٹیکل 370 نان ایشو،مسئلہ کشمیر اقوا م متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد سے حل ہوسکتاہے،، میر واعظ عمر فاروق

ہفتہ 31 مئی 2014 12:53

سرینگر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31مئی 2014ء) حریت رہنماء میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ آرٹیکل 370 نان ایشو ہے کشمیر کامسئلہ اس قسم کی آئینی تاویلات سے نہیں صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد سے حل ہو سکتا ہے،پاک بھارت وزرائے اعظم ملاقات کشمیری عوام کے مفاد میں ہے،جب تک دونوں ملک قریب نہیں آئیں گے، کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوسکتا، کانگریس نے اس معاملے پر ہمیشہ روایتی سوچ کا مظاہرہ کیا،عرب ٹی وی کو انٹرویو میں میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ 370صرف کاغذی قانون ہے، عملی طور پر کشمیر ایک فوجی اور پولیس اسٹیٹ ہے ۔

(جاری ہے)

جسے فوجی وردی میں ملبوس لوگ چلاتے ہیں۔ کشمیر کا مسئلہ دہلی اور سری نگر کے تعلق کا نہیں، کشمیریوں کے مستقبل کا ہے۔ پاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کشمیری عوام کے مفاد میں ہے۔ جب تک دونوں ملک قریب نہیں آئیں گے، کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے اس معاملے پر ہمیشہ روایتی سوچ کا مظاہرہ کیا۔ تاریخ نے بھارتی حکومت کو ہمیشہ کے لئے کشمیر کا مسئلہ حل کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔