راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں ہفتے کو بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ، میدانی علاقوں کا درجہ حرارت بھی چار سے پانچ ڈگری تک گر گیا

ہفتہ 31 مئی 2014 18:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31مئی۔2014ء) راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں ہفتے کو بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ میدانی علاقوں کا درجہ حرارت بھی چار سے پانچ ڈگری تک گر گیا ۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی راولپنڈی اسلام آباد سمیت ہزارہ ڈویژن کوہاٹ ہنگو ،وادی سوات ، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز ہوائیں اور آندھی کے ساتھ بارش کی پیشنگوئی کی ہے ۔

محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر حنیف خان نے سرکاری میڈیا کو بتایا کہ ہفتہ کو اسلام آباد راولپنڈی اور ہزارہ ڈویژن کے ساتھ ساتھ کشمیر کے بعض علاقوں میں بارش ہوئی اگرچہ میدانی علاقے میں موسم خشک رہا لیکن اس بارش کی وجہ سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور درجہ حرارت کئی ڈگری نیچے آگیا ہے ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں میں آئندہ چوبیس گھنٹوں میں وقفے وقفے سے بارش کی توقع ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ مون سون کی ابتدا نہیں بلکہ اسے موسم بہار کی تاخیر سے بارش قرار دیا جاسکتا ہے ۔ پری مون سون جون کے دوسرے نصف میں شروع ہوتا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دو روز قبل سبی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت پچاس ، فیصل آباد میں انچاس ، لاہور میں پنتالیس حتیٰ کے اسلام آباد میں بھی چالیس ڈگری تک پہنچ گیا تھا لیکن آندھی اور بارش کے نتیجے میں جنوبی علاقوں میں بھی درجہ حرارت پانچ سے سات ڈگری تک کم ہوا ہے اور میدانی علاقوں میں بھی ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :