پیپلز پارٹی نے بروقت پوزیشن نہ لی تو پنجاب کی طرح پورے پاکستان سے اس کا صفایا ہو جائے گا،شیخ رشید احمد.شریف برادران صرف نمود و نمائش کی سیاست کر تے ہیں۔پاکستان محبت کرنے والے عوام انہیں مزید مہلت دینے کے لئے تیار نہیں ہیں

ہفتہ 31 مئی 2014 23:00

پیپلز پارٹی نے بروقت پوزیشن نہ لی تو پنجاب کی طرح پورے پاکستان سے اس ..

وزیرآباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مئی۔2014ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے بروقت پوزیشن نہ لی تو پنجاب کی طرح پورے پاکستان سے اس کا صفایا ہو جائے گا۔شریف برادران صرف نمود و نمائش کی سیاست کر تے ہیں۔پاکستان محبت کرنے والے عوام انہیں مزید مہلت دینے کے لئے تیار نہیں ہیں۔وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر بھی وہ سیاست کر رہے ہیں۔

ٹرین مارچ کے بعد ایک کارڈیالوجی مارچ ضروری ہو گیا ہے۔مسلم لیگ (ج) نے بھی ٹرین مارچ کی حمائت کا اعلان کر دیا۔وہ یہاں مسلم لیگ (ج) کے جوائنٹ سیکریٹری سلمان حبیب کے ہمراہ وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کار ڈیالوجی کے دورے کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے۔اس موقع پر کارکنوں کی بڑی تعدادبھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

شیخ رشید نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بروقت اپوزیشن کا کردار ادا نہ کیا اور عوام کے مزاج کو نہ سمجھا تو پنجاب کی طرح پورے پاکستان سے ان کا صفایا ہو جائے گا۔

سندھ کے عوام بھی محب وطن ہیں ۔وہ پاکستان کا نقصان برداشت نہیں کرینگے۔ اس لئے پیپلز پارٹی کو بہتر پوزیشن لینا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ شریف برداران صرف نمودو نمائش کے لئے سیاست کر رہے ہیں جس کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی جیسے منصوبے کو پس پشت ڈالنا اس بات کا ثبوت ہے کہ انہیں عوام سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

کارڈیالوجی سنٹر پچاس لاکھ افراد کی دلچسپی اور مفاد کا منصوبہ ہے جس پر شریف برادران سیاست کر رہے ہیں اور اچھے بھلے پراجیکٹ کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کارڈیالوجی کو چلانے کے لئے ٹرین مارچ کے بعد کارڈیالوجی مارچ بھی کرینگے ۔میاں نواز شریف اور ان کے خاندان کے افراد علاج کرانے کے لئے خود لنڈ ن چلے جاتے ہیں اور کارڈیالوجی سنٹر جو غریب عوام کا منصوبہ ہے 9سال سے بند پڑا ہے انہوں نے کہا عوام کو نقصان پہنچانا ان کا پرانا وطیرہ اور سیاسی کردار ہے۔

عوام کو اپنے حقوق اور پاکستان کے تحفظ کے لئے اٹھنا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ ٹرین مارچ کے سلسلے میں وہ ہر سیاسی جماعت کے ساتھ رابطے کر رہے ہیں۔انہوں نے کہ حکومت کا اب آخری وقت شروع ہو گیا ہے اور عوام نے ان کو ایک سا ل کا بہت زیادہ وقت دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے پاس بیرونی دوروں کے لئے تو بہت وقت ہے لیکن سینٹ میں آنے کے لئے ان کے پاس وقت نہیں ہے حالانکہ یہ ان کی ذمہ داری میں شامل ہے ۔

اس موقع پر حامد ناصر چٹھہ کے صاحبزادے محمد احمد چٹھہ نے شیخ رشید احمد سے ملا قات کی اور مسلم لیگ (ج)کی جانب سے ٹرین مارچ کی حمائت کا اعلان کیا اور کہا کہ مسلم لیگ (ج) کے ایک ہزارکارکن شیخ رشید کے ہمراہ وزیرآباد سے لاہور تک ٹرین مارچ کا حصہ بنینگے۔ شیخ رشید نے کہا کہ حام ناصر چٹھہ نواز شریف کے ہاتھوں میں کھیل گئے۔ اب انہیں پتہ چل گیا ہے کہ کون ملک کا غیر خواہ اور مخلص ہے۔

اب امید ہیکہ چٹھہ صاحب کو چاہئے تھا کہ وہ نواز شریف کے انکار کے بعد سیاسی مارکیٹ میں موجود رہتے۔انہوں نے کہا کہ حامد ناصر چٹھہ کی وجہ سے پاکستان بھر میں وزیرآباد کی ایک پہچان تھی ۔اب لوگ وزیرآباد کو پھر بھول گئے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ حامد ناصر چٹھہ بہت جلد ان کے اتحاد میں شامل ہو جائینگے۔ہم آئندہ چند روز میں چٹھہ صاحب سے ملاقات کرینگے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک نیوز چینل نے لال مسجد کے حوالے سے بہت غلط رپورٹنگ کی جس کی اب وہ سزار بھگت رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین مارچ کے حوالے سے پی ٹی آئی ان کے ساتھ ہے اور پی ٹی آئی کے کارکن بھی ان کے ساتھ ہونگے۔ انہوں نے کہا سیالکوٹ کے جلسے میں عوامی مسلم لیگ بھی بھر پور شرکت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ان کے پاس سرمایہ نہیں اس لئے غریبی انداز میں احتجاج کر ہے ہیں۔ دو چار سو روپے خرچ کر کے لوگ ٹرین مارچ میں ان کے ساتھ شامل ہو سکتے ہیں۔ ٹرین مارچ کے ذریعے احتجاج صرف پاکستان کے لئے ہے اس لئے عوام ان کا ساتھ دیں۔