ایم بی سی نے 30 سال سے بچھڑے ماں، بیٹا ملا دئیے

پیر 2 جون 2014 14:29

ایم بی سی نے 30 سال سے بچھڑے ماں، بیٹا ملا دئیے

ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2جون 2014ء)سعودی عرب میں معروف صحافی اور اینکر پرسن داوٴدالشریان نے اپنے شو میں تیس سال سے بچھڑے بیٹے اور اس کی ماں کو ایک دوسرے سے ملنے کا خواب پورا کر دکھایا۔العربیہ ٹی وی کے مطابق مڈل ایسٹ براڈ کاسٹنگ سینٹر "ایم بی سی" کے فلیگ شپ پروگرام "الثامنہ" میں داوٴد الشریان نے معروف کھلاڑی عبداللہ الخوجلی کی والدہ کو انتہائی راز داری کے ساتھ سوڈان سے سعودی عرب بلوایا لیکن بیٹے کو نہیں بتایا گیا۔

اسٹوڈیو میں اچانک اپنی والدہ کی آمد پر بے اختیار رو پڑا اور اس کا والدہ سے ملاقات کا تیس سالہ خواب شرمندہ تعبیر ہو گیا۔یہ خبر سنتے ہی عبداللہ الخوجلی نے اپنی والدہ سے ملاقات کا عزم کر لیا۔ اکیس سال کی عمر میں اس نے سوڈان کے سفر کی تیاری شروع کی مگر مالی حالات نے اجازت نہ دی۔

(جاری ہے)

دو سال بعد دوبارہ اس نے سوڈان جانے کا فیصلہ کیا مگر راستے میں ٹریفک حادثے کے باعث واپس آنا پڑا۔

الخوجلی سعودی عرب کے النصر و الہلال فٹبال کلپ کا ممبر رہ چکا ہے اور اس نے قومی اور علاقائی سطح پر کئی فٹبال مقابلوں میں حصہ لیا اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ حال ہی میں" ایم بی سی" کے ٹی وی شو میں اس نے اپنی والدہ سے ملاقات کا دوبارہ عزم ظاہر کیا۔ابھی یہ گفتگو جاری تھی کہ اچانک اس کی والدہ اسی پروگرام کے اسٹوڈیو میں آ پہنچیں۔

عبداللہ الخوجلی ماں کو دیکھتے ہی سب کچھ بھول گیا اور ماں سے ملاقات کی خوشی میں پھوٹ پھوٹ کر رونے لگا۔ والدہ نے اپنے لخت جگر کو گلے لگایا۔ بیٹے نے ماں کے ہاتھ چومے اور قدم بوسی کی اور یوں دونوں ماں بیٹے کا ایک دوسرے سے ملاپ کا خواب پورا ہوا۔خیال رہے کہ سابق سعودی لیجنڈ فٹبالر عبداللہ الخوجلی کی زندگی کئی نشیب و فراز سے بھر پور ہے۔ تیس سال قبل اس کے والد نے اس کی سوڈانی والدہ کو طلاق دے دی تھی۔ طلاق کے بعد وہ واپس سوڈان چلی گئیں اور عبداللہ کی پرورش اس کی دادی نے کی۔ جب عبداللہ کی عمر پندرہ سال ہوئی تو اس کی دادی نے اسے بتایا کہ اس کی ماں بقید حیات ہے اور سوڈان میں مقیم ہے۔