عام انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے ملک کا بیڑہ غرق کر کے رکھ دیا گیا، پرویز خٹک،صوبے میں کرپشن اور اقرباء پروی پر کافی حد تک قابو پا لیا ہے ،پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 2 جون 2014 19:45

عام انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے ملک کا بیڑہ غرق کر کے رکھ دیا گیا، ..

نتھیا گلی،پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2جون۔2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ گزشتہ عام انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے ملک کا بیڑہ غرق کر کے رکھ دیا گیا مسلم لیگ ن چار حلقوں میں فنگر پرنٹس سے کیوں خوفزدہ ہے ہم تو پورے ملک میں فنگر پرنٹس کے حامی ہیں ہمارا ملک اور صوبہ انتہائی خوبصورت ہیں مگر آج تک اسے خوبصورت لیڈر نہیں ملے جس کی وجہ سے ملک تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا گیا ہے ہم نے صوبے میں کرپشن اور اقرباء پروی پر کافی حد تک قابو پا لیا ہے اور اداروں میں سیاسی مداخلت کو زیرو کردیا ہے گلیات میں تجاوزات کے خلاف بلا تفریق آپریشن کیا گیا ہے اور کسی قسم کا دباؤ اور سفارش قبول نہیں کی 107 کنال انتہائی قیمتی اراضی واگزار کروائی ہے اور25 کنال ایسی اراضی جس پر کچھ لوگ مستقل قابض تھے بھی واگزار کروائی گئی ہے گلیات میں سیاحت کے فروغ کیلئے ماسٹر پلان تیار کر لیا گیا ہے جس پر عملدرآمد کیلئے جامع پیکج جاری کر دیا ہے گلیات میں کثیر المنزلہ عمارتوں اور پلازوں کے خلاف آپریشن کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ گرائے گئے تجاوزات کو صاف کرکے مرمت پندرہ بیس روز میں مکمل کی جائے تاکہ سیاحت کے سیزن کے پیش نظر یہاں تمام ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو بھی تبدیلی نظر آئے ان خیالات کا اظہار انہوں نے نتھیا گلی خیبر پختونخواہ ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس موقع پر جی ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل نذر شاہ نے گلیات میں ہونے والے تجاوزات کے خلاف آپریشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی بریفنگ میں صوبائی وزیر کھیل امجد آفریدی،ڈیڈیک چئیرمین سردار محمد ادریس، وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی اکبر ایوب، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا امجد علی خان ،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ حفظ الرحمن ، سیکرٹری اطلاعات حضرت مسعود میاں، کمشنر ہزارہ عابد علی خان، ڈی آئی جی ہزارہ اختر حیات گنڈا پور، ڈی پی او ایبٹ آباد محمد علی گنڈا پور، ڈی سی مطیع اللہ خان، اسٹنٹ کمشنر اسامہ احمد وڑائچ و دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے وزیر اعلیٰ نے گلیات میں آپریشن کی زد میں آنیوالے تاجروں کو معاوضہ دینے کا بھی اعلان کیا اور آئندہ گلیات میں تمام تعمیرات مجوزہ پلان کے تحت کرنے اور گلیات میں کثیر المنزلہ پلازوں کی تعمیر پر پابندی عائد کرنے کی بھی خصوصی ہدایات جاری کیں انہوں نے کہا کہ نتھیا گلی سے باڑیاں تک مری روڈ کی تعمیر و مرمت کیلئے ایک ارب روپے جبکہ جی ڈی اے کے ٹاؤنز کے اندر رابطہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے پچاس کروڑ روپے کی منظوری پہلے ہی دی جا چکی ہے اور کہا کہ تجاوزات ہٹانے کے بعد آئندہ چند دنوں میں اس پر تعمیراتی کام شروع ہو جائے گا اور اسی سیزن میں اس کام کو مکمل کیا جائے گا اسی طرح ایوبیہ میں نئی چیئر لفٹ لگائی جائے گی گلیات کے پانچ مقامات پر نئے ٹاؤنز تعمیر کیئے جائیں گے سیاحوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے مختلف مقامات پر اٹھائیس پبلک ٹائلٹ بنائے جائیں گے،نتھیا گلی میں دو نئی کار پارکنگ تعمیر کی جائیں گی اور گلیات میں پیدل ٹریک کو از سر نو تعمیر کیا جائے گا نتھیا گلی سے ٹھنڈیانی تک بھی پیدل ٹریک کو دبارہ تعمیر کر کے سیاحوں کیلئے کھولا جائے گا اسی طرح سیاحوں کی سہولت کیلئے دو ایمرجنسی ریسپانس سینٹر بھی قائم کئے جائیں گے کالا باغ سے لیکر باڑیاں تک شمسی توانائی کے ذریعے چلنے والی سٹریٹ لائٹس لگائی جائیں گی اور گلیات کے مختلف مقاما ت پر گندگی کو ٹھکانے لگانے کیلئے بھی ایک پلان تیار کر لیا گیا ہے تاکہ گلیات کو صاف ستھرا رکھا جائے پرویز خٹک نے کہا کہ صوبے میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے سات ارب روپے ایس آر ایس پی کو دئیے گئے ہیں اور اسکے تعاون سے ہزارہ ڈویژن سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں تین سو پچاس سمال ڈیمز بنائے جا رہے ہیں جس سے نہ صرف لوڈ شیڈنگ پر قابو پایا جائے گا بلکہ لوگوں کو روزگار ملے گا اور پانچ روپے فی یونٹ سستی بجلی بھی ملے گی انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے صوبے کے تمام اداروں سے رشوت، کمیشن اور سیاست بازی کے کلچر کا خاتمہ کر دیا ہے پولیس، تعلیم و صحت سمیت تمام اداروں میں سیاسی مداخلت کو بالکل ختم کر دیا ہے تمام بھرتیاں و تعیناتیاں میرٹ کی بناء پر کی جا رہی ہیں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کا کام صوبے میں اصلاحات اور قانون سازی کرنا ہے نہ کہ اداروں کے اندر مداخلت کرنا انہوں نے کہا کہ پنجاب والے تو بیس سال سے حکومت میں ہیں ہمیں تو ابھی حکومت ملی ہے لیکن ہماری کارکردگی ان سے کئی گنا زیادہ بہتر ہے انہوں نے کہا کہ گلیات میں آپریشن کے دوران جن لوگوں کے65چھوٹے کیبن گرائے گئے تھے ان کو ایک نئے ڈیزائن کے تحت نئے کیبن بنانے کی اجازت دی جائے گی اور ان کا آدھا خرچ صوبائی حکومت برداشت کرے گی اور ان کیبنوں کا جی ڈی اے کرایہ تک وصول نہیں کرے گی اسی طرح کسی کی ذاتی جائیداد کو نقصان پہنچا تو اس کے نقصان کا ازالہ کیا جائے گااس سال گلیات میں چار لاکھ68ہزار درخت لگائے گئے ہیں اور آئندہ سال8لاکھ تک درخت لگائے جائیں گے پورے صوبے میں طلباء کو اس مہم میں شریک کیا جائے گا اور ہر طالبعلم کو ایک درخت لگانے کے پانچ نمبر دیئے جائیں گے تاکہ صوبے میں جنگلات میں اضافہ ہو سکے ایبٹ آباد میں تجاوزات آپریشن کے دوران کے کے ایچ کی تعمیر کیلئے وفاقی حکومت اور وفاقی وزرات مواصلات سے رابطہ رکھا گیا ہے اور بہت جلد اس پر کام شروع کیا جائے گا آپریشن سے قبل روڈ کی کشادگی صرف اکیس فٹ تھی جو کہ اب46فٹ تک بڑھ گئی ہے جس سے ٹریفک کے مسائل حل ہوں گے آپریشن کے دوران گلیات کے عوام، تاجروں ، ضلعی و ڈویژنل انتظامیہ اور میڈیا نے بھر پور تعاون کیا ہے جس پر ہم ان کے مشکور ہیں اور اس موقع پر ہم رکن صوبائی اسمبلی سردار ادریس کے بھی مشکور ہیں جن پر آپریشن کے دوران سخت دباؤ تھا مگر اس کے باوجود بھی وہ ثابت قدم رہے اور کہیں بھی کسی کی سفارش نہیں کی ۔

متعلقہ عنوان :