محکمہ آبپاشی میں تمام تقرریاں و تبادلے خالصتاً میرٹ اور اہلیت کی بنیاد پر کیے جائیں گے،محمود خان، اس سلسلے میں کسی قسم کا سیاسی دباؤہر گز برداشت نہیں کیا جائیگا،صوبائی وزیر آبپاشی

بدھ 4 جون 2014 21:24

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4جون۔2014ء)خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی محمود خان نے کہا ہے کہ محکمہ آبپاشی میں تمام تقرریاں و تبادلے خالصتاً میرٹ اور اہلیت کی بنیاد پر کیے جائیں گے اور اس سلسلے میں کسی قسم کا سیاسی دباؤہر گز برداشت نہیں کیا جائیگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں محکمہ آبپاشی کی کارکردگی اور اس کے دیگر امورکے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں سیکرٹری آبپاشی اکبر خان،چیف انجینئر ساؤتھ کمال جہانگیر، ڈائریکٹر ٹیکنیکل صاحبزادہ بشیر،ڈائریکٹر بائیزی ایری گیشن ناصر غفور کے علاوہ تمام سپرنٹنڈنگ انجینئرز اور ایگزیکٹیو انجینئرز بھی موجود تھے۔اجلا سمیں مذکورہ محکمے کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے محکمے کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہارکیا تاہم تمام افسران اور اہلکاران کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اپنی حاضری کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں محکمے کے زیر اہتمام جاری تمام ترقیاتی کاموں میں اعلیٰ معیار اور مقدار کو برقرار رکھتے ہوئے مقررہ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے۔محمود خان نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور مقدارپر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا کیونکہ قومی وسائل قوم کی امانت ہیں جن کی ایک ایک پائی عوام کی فلاح و بہبود کے کاموں پر خرچ ہوگی۔انہوں نے خبر دار کیا کہ اگرکوئی بھی آفیسر یا اہلکار سرکاری فرائض میں غفلت یا کوتاہی کا مرتکب پایا گیا تو اس کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی خواہ وہ کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو۔