افغانستان،صدارتی امیدوار عبداللہ عبداللہ بم حملہ میں محفوظ رہے،محافط زخمی

جمعہ 6 جون 2014 20:07

افغانستان،صدارتی امیدوار عبداللہ عبداللہ بم حملہ میں محفوظ رہے،محافط ..

کابل(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6جون۔2014ء) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں جمعہ کے روز افغان صدارتی انتخابات میں سب سے آگے امیدوار عبداللہ عبداللہ کے قافلے کو ایک بم دھماکے کا نشانہ بنایا گیا تاہم وہ اس میں محفوظ رہے ،حملہ ایسے وقت ہوا جب چند روز بعد ہی دوسرے مرحلے کے انتخابات ہونے جارہے ہیں ، یہ بات انہوں نے گزشتہ روز کہی ۔افغان ٹیلی ویژن پر براہ راست نشر ہونیوالی ایک انتخابی ریلی سے خطاب میں ان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ چند منٹ قبل جب ہم انتخابی ریلی کے لئے نکلے تو ہمارے قافلے کو ایک بارودی سرنگ کے دھماکے کا نشانہ بنایا گیا اور مزید کہا کہ ان کے کچھ محافظ محمولی زخمی ہوئے ہیں جبکہ وہ اس میں محفوظ رہے ہیں ۔

حملہ اس وقت سامنے آیا جب 14جون کو صدارتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ہونے جارہا ہے ، طالبان مزاحمت کار انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی دھمکی دے چکے ہیں ، ابھی تک کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ۔

(جاری ہے)

عبداللہ اپریل میں پہلے مرحلے کے انتخابات میں واضح برتری کے لئے درکار پچاس فیصد ووٹ حاصل کرنے سے محروم رہے تھے اور ان کا دوسرے مرحلے میں عالمی بنک کے سابق ماہرمعاشیات اشرف غنی سے مقابلہ ہو گا ۔غنی نے ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم قابل احترام صدارتی امیدوار عبداللہ عبداللہ پر حملے کی مذمت کرتے ہیں ، یہ افغانستان کے دشمنوں کی کارروائی ہے جو ملک میں جمہوری عمل کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :