غربت کا خاتمہ سب سے بڑا چیلنج ہے ،بھارتی صدر پرناب مکھر جی نے مودی حکومت کی پانچ سالہ ترجیحات کا خاکہ پیش کردیا

پیر 9 جون 2014 16:47

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9جون 2014ء)بھارتی صدر پرناب مکھر جی نے مودی حکومت کی پانچ سالہ ترجیحات کا خاکہ پیش کر تے ہوئے کہا ہے کہ غربت کا خاتمہ سب سے بڑا چیلنج ہے ، خواتین کو پارلیمنٹ میں تینتیس فیصد نمائندگی دی جائیگی ، سارک کو دوبارہ فعال بنانے کے لئے سارک رہنماوٴں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی صدر نے کہا کہ حکومت خواتین کیخلاف جرائم برگز برداشت نہیں کریگی جرائم کے خلاف عدالتی نظام کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ حکومت بیرون ملک جمع کالا دھن واپس لانے کے لئے فوری اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پانی کا ایک ایک قطرہ محفوظ بنایا جائے گا۔ سوشل میڈیا کو حکومت کے ساتھ اشتراک کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ خطے میں استحکام کے لئے ضروری ہے کہ دہشت گردی کی پڑوس میں برآمد بند کی جائے۔ بھارتی صدر نے انتخابات کے کامیاب انعقاد پر الیکشن کمیشن اور لوک سبھا کی اسپیکر سومترا مہاجن کو بلامقابلہ منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔