زیادہ مرچ والے کھانے کھائیں اور لمبی عمر پائیں، جدید تحقیق میں انکشاف

پیر 9 جون 2014 17:43

زیادہ مرچ والے کھانے کھائیں اور لمبی عمر پائیں، جدید تحقیق میں انکشاف

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9جون 2014ء) ماہرین کی جدید تحقیق میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ مصالحے دار اور مرچوں والے کھانے کے شوقین دیگر افراد کے مقابلے میں لمبی عمر پاتے ہیں۔ امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی طبی رسالے’’سیل جرنل‘‘ میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں مرچ مصالحےدار پکوان کو انسان کی لمبی عمر کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے، ماہرین نے چوہوں پر کئے گئے تجربات کی مدد سے یہ دیکھا کہ جن جانوروں میں درد محسوس کرنے کی صلاحیت رکھنے والے پروٹین نہیں پائے جاتے تھے ان کی زندگی دیگر جانروں کے مقابلے میں حیرت انگیز طور پر لمبی تھی۔

اس کے علاوہ ان میں کینسرکا خطرہ اورعمر کے ساتھ حافظے کی خرابی جیسے امراض کا خطرہ بھی کم پایا گیا۔

(جاری ہے)

ماہرین کا کہنا ہے کہ جدید تحقیق سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ مرکزی اعصابی نظام کی طرف پیغامات لے جانے والے اعصابی سروں میں رکاوٹ سے انسانی صحت پر بہت اچھا اثر پڑتا ہے کیونکہ اس سے درد میں کمی واقع ہوتی ہے اور انسانی جسم میں درد محسوس کرنے کی حساسیت میں کمی عمر میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے۔

اس سلسلے میں مرچ بہت مفید ہے جس کا استعمال جہاں کئی بیماریوں میں مفید ہے وہیں مرچوں میں ایسے اجزا بھی پائے جاتے ہیں جو درد محسوس کرنے کی صلاحیت میں کمی کا باعث بنتے ہیں، جس سے انسان کی عمرمیں اضافہ ہوسکتا ہے۔ دماغ تک درد کے سگنل کی ترسیل میں رکاوٹ ذیابیطس اور موٹاپے کے علاج کے طور پر بھی مفید ثابت ہو سکتی ہے۔