اتحاد ملت مشکلات سے بچنے کے لئے ناگزیر ہے، میر واعظ عمر فاروق

منگل 10 جون 2014 15:06

سرینگر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10جون 2014ء)حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے مسلمانوں کے تمام فرقوں کے درمیان اتحاد کے عملی مظاہرے کو ملت اسلامیہ کے جملہ مسائل اور مشکلات کے سدبات کے لئے وقت کا ناگزیر تقاضا قرار دیتے ہوئے مختلف مسالک کے علماء کرام پر زور دیا ہے کہ وہ مسلکوں کی ترجمانی کے بجائے اسلام کے جامع اور مکمل نظام حیات کے لئے صف آرا ہو جائیں۔

(جاری ہے)

اسلامی انقلاب ایران کے بانی امام خمینی کے25 ویں یوم وصال کے سلسلے میں امام مہدی ٹرسٹ نواب باغ باعوان پورہ کے زیر اہتمام بار گاہ امام مہدی میں منعقدہ مجلس میں خراج عقیدت سے اپنے صدارتی خطاب میں امام خمینی کی انقلاب آفرین شخصیت کو بھر پور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے میر واعظ نے مساجد اور امام بارگاہوں کے ساتھ ساتھ اصلاحی تحریک کے مراکز میں تبدیل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امام خمینی نے مساجد سے ہی اسلامی انقلاب کی تحریک کا آغاز کیا اور عالم اسلام کے اس عظیم مفکر ،داعی دین اور مرد آہن نے 20 ویں صدی میں ایک عظیم انقلاب برپا اور ایک اسلامی حکومت تشکیل دیکر اسلام کے نظام حیات کو عملی شکل میں پیش کیا ۔۔