پیغمبر اسلام کے حکم پر بشارالاسد کو ووٹ دیا تھا:شامی مفتیِ اعظم کا دعوی

منگل 10 جون 2014 20:04

پیغمبر اسلام کے حکم پر بشارالاسد کو ووٹ دیا تھا:شامی مفتیِ اعظم کا دعوی

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جون۔2014ء) شام کے مفتیِ اعظم شیخ احمد حسون نے دعوی کیا ہے کہ انھوں نے پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے حکم پر حالیہ صدارتی انتخابات میں بشارالاسد کے حق میں ووٹ دیا تھا۔عرب ٹی وی کے مطابق مفتی اعظم کا یہ بیان شام کے سرکاری ٹیلی ویژن سے نشر کیا گیا ہے اور اس کی انٹرنیٹ پر بھی تشہیر کی جارہی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ انھوں نے شام کے دفاع میں جانیں قربان کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے بشارالاسد کے حق میں ووٹ ڈالا تھا۔شیخ احمد حسون نے ٹی وی کے ناظرین کو یہ بھی باور کرایا ہے کہ ''یہ ایک طویل جنگ ہوگی اور ہم ہی اس میں فاتح ٹھہریں گے۔شامی مفتی اعظم صدر بشارالاسد کے سب سے بڑے حمایتی ہیں اور وہ وقتاً فوقتاً ان کی حمایت میں فتویٰ نما بیانات جاری کرتے رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

2013ء میں ایک بیان میں انھوں نے شامی صدر کی حمایت کو ایک مذہبی فریضہ قراردیا تھا اور کہا تھا کہ وہ شام کے اندرون اور بیرون سے مسلمانوں کو ان کی حمایت کرنی چاہیے۔اس سے پہلے انھوں نے ایک فتویٰ جاری کیا تھا جس میں تمام مسلمانوں سے کہا تھا کہ وہ باغیوں کے مقابلے میں بشار الاسد کی حمایت کریں۔گذشتہ سال ایک اور نشری بیان میں انھوں نے شامی والدین سے کہا تھا کہ وہ اپنے بچوں کو فوج میں شمولیت کے لیے بھیجیں۔انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ان کے بچے لڑائی میں مریں گے نہیں بلکہ وہ اللہ کے ہاں اجر پائیں گے۔

متعلقہ عنوان :