کراچی ائیر پورٹ پر حملے کا مقدمہ کالعدم تحریک طالبان کی قیادت اور ترجمان شاہد اللہ شاہد کے خلاف درج

بدھ 11 جون 2014 14:58

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11جون 2014ء) کراچی ائیر پورٹ پر حملے کا مقدمہ کالعدم تحریک طالبان کی قیادت اور ترجمان شاہد اللہ شاہد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔ کراچی ائیر پورٹ پر اتوار کے روز ہونے والے حملے کا مقدمہ اے ایس ایف حکام کی مدعیت میں ائیر پورٹ تھانے میں درج کیا گیا۔ مقدمے میں کالعدم تحریک طالبان کی قیادت اور ترجمان شاہد اللہ شاہد کو نامزد کیا گیا ہے۔

مقدمے میں 324، 302 اور دہشت گردی ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ایس ایس پی ملیر راو انوار نے بتایا کہ مقدمہ نمبر87/14ائیر پورٹ سیکورٹی فورس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی مدعیت میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے امیر ملا فضل اللہ اور ترجمان شاہد اللہ شاہد سمیت دیگر ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ہے۔مقدمے میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات،ایکسپلیویز ایکٹ،قتل اور اقدام قتل کی دفعات کو شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب کراچی ائیر پورٹ پر حملے کی تحقیقات جاری ہیں۔ دہشتگردوں کو ائیر پورٹ پہنچانے والی گاڑی کے ڈرائیور کا خاکہ تیار کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ تحقیقاتی ادارے مختلف پہلووٴں سے تفتیش کر رہے ہیں۔ حکام کے مطابق نادرا سے دہشتگردوں کا کوئی ریکارڈ نہیں مل سکا۔ دہشتگردوں کے زیر استعمال گاڑی کے حوالے سے چھان بین بھی جاری ہیں۔ عینی شاہدین کی مدد سے حملہ آوروں کو ائیر پورٹ پہنچانے والی گاڑی کے ڈرائیور کا خاکہ تیار کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

تفتیشی حکام نے امکان ظاہر کیا ہے کہ حملہ آور ائیر پورٹ کے قریب ہی کسی مقام پر ٹھہرے ہوئے تھے کیونکہ بھاری اسلحے کے ساتھ لمبا سفر ممکن نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق تفتیش کاروں نے دہشتگردوں کی لاشوں کا تفصیلی معائنہ بھی کیا گیا ہے۔