کراچی حملے کا کوئی شرعی یا اخلاقی جواز نہیں ہے ، سید علی گیلانی

بدھ 11 جون 2014 15:46

سرینگر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11جون 2014ء) کل جماعتی حریت کانفرنس گیلانی گروپ کی چیئرمین سید علی گیلانی نے کراچی ائرپورٹ پر ہونے والے دہشتگردانہ حملے اور بلوچستان میں شیعہ زائرین کی ہلاکت کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بیرونی طاقتوں کی سازشوں اور ملک کے اندر موجود بیمار ذہنیت کی وجہ سے تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے اور اس وقت تمام محب وطن پاکستانیوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ آپسی اختلافات سے اوپر اٹھ کر ملک کو بچانے کی متحد ہوکر کوشش کرینگے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ افغانستان میں غیر ملکی قبضے کیخلاف برسر پیکار طالبان قائد ملا محمد عمر سے اپیل کی کہ وہ تحریک طالبان پاکستان کو اس ملک کیخلاف دہشتگردانہ کارروائیاں انجام دینے سے باز رکھنے کے لیے اپنے اچھے اثرورسوخ کو استعمال میں لائیں اور انہیں سمجھائیں کہ وہ اسی ٹہنی پر آرا چلا رہے ہیں جس پر وہ خو د بیٹھے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ائرپورٹ حملے میں متعدد سپاہیوں اور سویلین کے جاں بحق ہونے پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کیا اور کہا کہ اس حملے میں جو بھی لوگ ملوث ہوں وہ اسلام اور اسلام کے نام پر حاصل کئے گئے ملک کے دشمن ہیں اور وہ اپنی ان کارروائیوں کے لیے کسی قسم کا شرعی یا اخلاقی جواز پیش نہیں کرسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ اس میں اگر تحریک طالبان پاکستان کے لوگ ملوث ہیں اور یہ کارروائیاں اپنی دانست میں اسلام نافذ کرنے کیلیے کرتے ہیں تو انہیں میں بتانا چاہتا ہوں کہ اسلام ماضی میں طاقت کے ذریعے سے قائم ہوا ہے اور نہ مستقبل میں بموں اور بارود کے ذریعے سے اسلام کے نظام رحمت کو نافذ کیا جاسکتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :