رمضان میں بھی چھاپے جاری رہیں گے: سعودی وزارت لیبر

پیر 16 جون 2014 23:11

رمضان میں بھی چھاپے جاری رہیں گے: سعودی وزارت لیبر

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16جون۔2014ء) سعودی وزارت برائے لیبر نے اعلان کیا ہے کہ رمضان کے دوران غیر قانونی طور پر دکانوں پر کام کرنے والے غیر ملکیوں کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔ مشرقی صوبے کے حکام کا کہنا ہے کہ لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ملازمین کو جرمانہ، قید یا ملک بدری کی سزا ہو سکتی ہے اور انہیں ملازمت فراہم کرنے والے سعودی شہریوں اور اداروں کو بھی سزا کا سامنا کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

سعودی وزارت لیبر کی مشرقی صوبے کی برانچ کے ڈائریکٹر محمد الفالح کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر کام کرنے والے ملازمین کو ملک بدر کیا جائے گا اور اگلے دو سال کیلئے انہیں مملکت میں داخلہ کی اجازت نہ ہو گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ غیر قانونی ملازمت فراہم کرنے والی دکان یا سٹور کو مستقل بند کرنے کے علاوہ مالکان کو پہلی دفعہ خلاف ورزی پر پانچ ہزار ریال اور دوسری دفعہ خلاف ورزی پر 20 ہزار ریال جرمانہ یا تین ماہ قید کی سزا دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ملازمین کو ان کے مالکان کے خرچے پر ملک بدر کیا جائے گا اور مالکان کو دوبارہ بھرتی پر پابندی کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔