نواز شریف کی طرف سے محبت کے پیغامات کا جواب گولیوں سے دے کر مودی نے اصلیت ظاہر کر دی،عبدالرشید ترابی

منگل 17 جون 2014 14:15

باغ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17جون 2014ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کے امن کے پیغامات کا جواب گولیوں سے دے کر مودی نے اصلیت واضح کر دی ہے،اسلام اور مسلم دشمنی کی بنیاد پر برسراقتدار آنے والا مودی مسائل میں کمی کے بجائے اضافہ کرے گا ،ہندوستان کے اندر مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتیں غیر محفوظ ہو کر مختلف آپشنز پر غور کرنا شروع ہو گئی ہیں،مقبوضہ کشمیر کے اندر مظالم میں اضافہ پوری مسلم دنیا کے لیے لمحہ فکریہ ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ باغ کے دوران اجتماعات سے خطاب اور وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کے عزائم خطرے ناک ہیں اس کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے آر پار کی قیادت اورپوری قوم کو یکجان اور یک زبان ہو کر کام کرنا ہو گا،انہوں نے کہا کہ عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور تبدیلی کا ایجنڈا جماعت اسلامی کے پاس ہے جماعت اسلامی کشمیر کی آزادی اور نظام کی تبدیلی کا ایجنڈا لے کر عوام کے پاس آئی ہے عوام اس کا ساتھ دیں اس کے دست و بازو بنیں تا کہ آزاد خطے کے اندر نظام تبدیل کیا جا سکے اور آزاد خطہ ہی تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے جماعت اسلامی نے تحریک آزادی کشمیر میں تاریخ ساز قربانیاں پیش کیں ہیں اور تحریک کی کامیابی تک پشتیبانی جاری رکھے گی،انہوں نے کہا کہ روایتی پارٹیاں اور قیادتیں عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے گزشتہ 66سالوں سے مسائل میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں عوام پس رہے ہیں مہنگائی،بے روزگاری،کرپشن ،اقرباپروری،نا انصافی عروج پر ہے مظلوم عوام کی کہیں بھی داد رسی نہیں ہے ،چہرے بدل بدل کر پارٹیاں بدل بدل کر آنے والوں کو عوام مسترد کریں،حقیقی دیانتدار اور امانتدار قیادت کو عوام سامنے لائیں ان کا انتخاب کریں تا کہ مسائل حل کیے جا سکیں،انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا میں عوام اسلامی تحریکوں پر اعتماد کر رہے ہیں جن جن ممالک میں اسلامی تحریکوں پر عوام نے اعتماد کیا وہاں پر نہ صرف مسائل حل ہوئے بلکہ وہ ممالک تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہیں پاکستان کے اندر جہاں بھی جماعت اسلامی کو خدمت کا موقع ملا انہوں نے بہترین کارکردگی دیکھائی کراچی میں جماعت اسلامی کے سابق مئیر نعمت اللہ خان کو موقع ملا تو انہوں نے 5سالوں میں کراچی کا نقشہ بدل کے رکھ دیا ،خیبر پختون خواہ میں جماعت اسلامی کو سراج الحق کی صورت میں خدمت کا موقع ملا تو انہوں نے تاریخ ساز خدمت سر انجام دی جس کی ہر جگہ تحسین کی جارہی ہے اور وسطی باغ سے جب میں ممبر اسمبلی تھا تو بلا تخصیص علاقے ،قبیلے سب کی خدمت کی اور محکمہ لوکل گورنمنٹ نے اس حلقے کو مثالی حلقہ کہا،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس صلاحیت اور قیادت موجود ہے جو اس نظام کو بدل کر اس کی جگہ اسلام کا عادلانہ نظام قائم کر سکتی ہے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا خدمت کے میدان میں شاندار ریکارڈ ہے ،صحت ،تعلیم میں وہ کارہائے نمایاں سر انجام دئیے جو حکومت بھی نہ کر سکتی انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کو موقع ملا تو اس خطے کو ایک ماڈل ریاست بناکر دنیا کے سامنے پیش کرے گی انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکن ایک ایک فرداور ایک ایک گھر تک دین کی دعوت پہنچائیں ان کو اپنے ساتھ شامل کریں ،نوجوانوں کو منظم کریں تبدیلی چاہنے والے افراد کو تنظیم میں شامل کریں جماعت اسلامی رائے عامہ منظم کر کے خطے میں حقیقی تبدیلی لائے گی۔

متعلقہ عنوان :