23 جون کو کشمیر چھوڑدو تحریک کے حوالے سے پروگرام کو کامیاب بنایا جائے‘ یاسین ملک

منگل 17 جون 2014 17:43

سرینگر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17جون 2014ء) لبریشن فرنٹ کے نومنتخب چیئرمین محمد یاسین ملک نے 14 جون کو منعقد ہونے والے مرکزی کنونشن کے دوران اپنے صدارتی خطاب میں بھارتی جارحیت اور یلغار کے جواب میں 23 جون سے ”کشمیر چھوڑدو“ تحریک کا آغاز کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کشمیر میں ریاستی عوام سے اس دن مکمل ہڑتال اور لال چوک چلو کی اپیل کی۔

انہوں نے کہا کہ 66 سالوں سے بھارتیہ جنتا پارٹی‘ آر ایس ایس و بجرنگ دل اور وی ایچ پی کا کشمیر کو اکھنڈ بھارت کا حصہ بنانے کے خواب کے پس منظر میں رچائی جانے والی تدبیریں کشمیری عوام اپنی جہد مسلسل کے ذریعے ناکام بنائیں گے۔ لبریشن فرنٹ کے نومنتخب ترجمان نے راولپنڈی سنٹرل انفارمیشن آفس سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر و گلگت بلتستان زون کے علاوہ برطانیہ و یورپ‘ مڈل ایسٹ اور امریکہ و کینیڈا زونز نے مشترکہ طور پر یک زبان میں ”کشمیر چھوڑدو“ تحریک کو برحق‘ موزوں اور وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے اسے ہر سطح پر اجاگر اور کامیاب بنانے کا عہد کیا۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ اس موقع پر آزاد کشمیر وگلگت بلتستان زون سے نومنتخب سینئر وائس چیئرمین اور شہید محمد مقبول بٹ کے ساتھی عبدالحمید بٹ نے اعلان کیا کہ کشمیر چھوڑدو تحریک میں مزید جان ڈالنے کی غرض سے یاسین ملک کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے اور باالخصوص کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے طور پر احتجاجی پروگراموں کا سلسلہ جارری رکھا جائے گا۔ عبدالحمید بٹ نے کہا کہ اس حوالے سے پہلا احتجاجی پروگرام اسلام آباد میں موجود اقوام متحدہ کے مبصر دفتر کے سامنے 25 جون کو دن 12 بجے منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے جہاں بھارتی عزائم کیخلاف احتجاجی دھرنا دیا جائے گا اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکی مون کے نام ایک یادداشت بھی پیش کی جائے گی۔۔