عراقی شہر موصل میں آئی ایس آئی ایس نے 40 بھارتی شہریوں کو اغواء کرلیا

بدھ 18 جون 2014 15:27

عراقی شہر موصل میں آئی ایس آئی ایس نے 40 بھارتی شہریوں کو اغواء کرلیا

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18جون 2014ء) عراقی شہر موصل میں اسلامک اسٹیٹ ان عراق اینڈ شام کے شدت پسندوں نے چالیس بھارتی شہریوں کو اغواء کرلیا ہے جبکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی عراق میں پھنسے اپنے شہریوں کو واپس لانے کے لئے حکام کو ہر ممکن اقدامات کی ہدایت کی ہے ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق عراق کے شہر موصل سے تقریباً چالیس بھارتی شہریوں کو اس وقت اغواء کرلیا گیا جب انہیں جنگ زدہ علاقے سے باہر لے جانے کی کوشش کی جارہی تھی ان شہریوں کو مشتبہ اسلامک اسٹیٹ ان عراق اینڈ شام نے اغواء کیا ہے جو بغداد کی شیعہ حکومت سے برسر پیکار ہیں ۔

بھارتی خارجہ امور کی وزارت کے ترجمان سید اکبر الدین کا کہنا ہے کہ حکومت کی بھرپور کوششوں کے باوجود وہ اغواء شدگان کے ساتھ رابطہ نہیں کرسکے اور اس لئے وہ اس واقعہ کی بابت کچھ سے قاصر ہیں ان کا کہنا تھا کہ وزارت خارجہ کے صدر دفاتر میں عراق کے حالات پر نظر رکھنے کے لئے ایک خصوصی سیل قائم کردیا گیا ہے دوسری طرف عراق میں پھنسی بھارتی نرسوں کا کہنا ہے کہ وہ یہاں قیدیوں کی طرح رہ رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے حکومتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ عراق میں پھنسے بھارتی شہریوں کی واپسی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں اور بھارتی شہریوں کو وہاں سے نکالنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں یاد رہے کہ تقریباً 46 بھارتی نرسیں عراق کے شہر تکرت میں محصور ہیں ۔

متعلقہ عنوان :