قبائلی علاقوں میں پاک فوج کا ضرب عضب آپریشن جاری،

خیبر اور شمالی وزیرستان ایجنسیوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں سے بمباری ، مزید 30 دہشت گرد ہلاک ، دہشت گردوں کے پانچ ٹھکانے تباہ

ہفتہ 21 جون 2014 15:48

قبائلی علاقوں میں پاک فوج کا ضرب عضب آپریشن جاری،

راولپنڈی ،میرانشاہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21جون 2014ء) قبائلی علاقوں میں پاک فوج کا ضرب عضب آپریشن جاری ہے ،ہفتہ کی صبح سیکورٹی فورسز کی خیبر اور شمالی وزیرستان ایجنسیوں میں جیٹ طیاروں سے بمباری میں 30 دہشت گرد ہلاک ہوگئے،آئی ایس پی آر کے مطابق جیٹ طیاروں نے ہفتہ کی صبح دوبجے پاک افغان سرحد کے قریب خیبر ایجنسی میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 10 دہشت گرد ہلاک جبکہ دہشت گردوں کے دوٹھکانے تباہ ہوگئے۔

شمالی وزیر ستان میں صبح سویرے پانچ بجے کے قریب ایک اور کارروائی کے دوران حاسو خیل علاقے میں دہشت گردوں کی تین خفیہ پناہ گاہیں تباہ کردی گئیں جبکہ 15 د ہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ پانچ دیگر دہشت گرد مزید کارروائیوں کے دوران مارے گئے۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ایجنسیوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا اور ان علاقوں میں شہری آبادی نہیں ہے۔

علاوہ ازیں شمالی وزیرستان کی تحصیل رزمک اور دوسلی میں صبح پانچ بجے سے رات گئے کرفیو میں نرمی کی گئی ہے۔ تین روز میں نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد تقریباً2 لاکھ80 ہزار تک پہنچ گئی۔ شمالی وزیرستان میں نقل مکانی کرنے والوں کے لئے کرفیو میں مسلسل چوتھے روز بھی نرمی کی گئی جس کے دوران تحصیل رزمک اور دوسلی سے بڑی تعداد میں لوگ بنوں کی طرف آرہے ہیں۔

متاثرین کی امداد کے لئے مساجد میں اعلان کئے جارہے ہیں ۔طالبان کی دھمکیوں کے بعد بنوں آنے والے متاثرین امدادی کیمپ جان سے گریز کررہے ہیں اور کچھ خاندانوں نے سڑک کنارے ہی ڈیرے ڈال رکھے ہیں ۔متاثرین بنوں کے علاوہ پشاور، کوہاٹ ،لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان کا بھی رخ کررہے ہیں ۔نادرا کی رجسٹریشن کے مطابق اب تک دو لاکھ85 ہزار افراد نقل مکانی کرچکے ہیں جبکہ غیر سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ نقل مکانی کرنیوالوں کی تعداد3 لاکھ سے بھی زیادہ ہے۔