کوئٹہ، قوموں کی ترقی کا راز تعلیم کے حصول میں مضمر ہے ،مجلس وحدت مسلمین

پیر 23 جون 2014 18:59

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23جون 2014ء) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن سے جاری کردہ بیان میں کہا کہ قوموں کی ترقی کا راز تعلیم کے حصول میں مضمر ہے ، الیکشن کیمپین کے دوران کئے گئے وعدوں کو ایک ایک کرکے اپنی استطاعت کے مطابق پوری کر رہے ہیں۔ بلوچستان یونیورسٹی علمدار کیمپس کا قیام اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار بلوچستان اسمبلی کے منتخب رکن سید محمد رضا (آغا رضا) نے جامعہ بلوچستان یونیورسٹی علمدار کیپمس کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس عظیم الشان درسگاہ کا سنگ بنیاد رکھنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے اور میرا خواب کا پورا ہونا ہے۔

میرے لئے خدمت سیاست سے بڑھ کر حیثیت رکھتی ہے اور دوستوں سے بھی گزارش کرتا ہوں کہ عوامی خدمت کے اس سفر میں میرے شانہ بشانہ کام کریں۔

(جاری ہے)

جامعہ بلوچستان علمدار کیمپس کے قیام سے کوئٹہ شہر کے طلباء مستفید ہونگے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ علمدار کیمپس کے قیام کے سلسلے میں وہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں خصوصاً وزیر اعلیٰ بلوچستان کے بے حد مشکور ہیں جنہوں نے اس سلسلے میں اپنا کردار بر وقت ادا کیا اور تعلیم دوستی کا ثبوت دیا۔

علمدار کیمپس کے افتتاحی تقریب میں علاقہ عمائدین، کونسلرز، کوئٹہ یکجہتی کونسل کے ممبران، تعلیمی اداروں کے سربراہان اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کیں۔ شرکاء نے علمدار کیمپس کے قیام کو خوش آئند قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ علاقہ ایم پی اے عوام سے کئے گئے وعدے اسی طرح پوری کرتے رہینگے۔ تقریب کے اختتام پر ایم پی اے آغا رضا نے ہزارہ ٹاون میں بھی ایک اور کیمپس کے افتتاح کی نوید سنائی۔