بھارت ، ریاست بہار میں راجدھانی ایکسپریس پٹری سے اتر گئی، 4افراد ہلاک‘10 سے زائد زخمی

بدھ 25 جون 2014 13:36

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25جون 2014ء) بھارت کی شمال مشرقی ریاست بہار میں چھپرا ضلع کے نزدیک ملک کی اہم ترین ٹرین راجدھانی ایکسپریس پٹری سے اتر گئی ہے۔ حادثے میں چار افراد ہلاک جبکہ 10 سے زیادہ مسافر زخمی ہو گئے ۔یہ ٹرین دارالحکومت دہلی سے شمال مشرقی ریاست آسام کے ڈبروگڑھ جا رہی تھی۔ راجدھانی ریل ایکسپریس ملک کی اکثر ریاستوں کو دارالحکومت دہلی سے جوڑنے کے لیے تیز ترین ریل نٹ ورک ہے۔

حادثے کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے چھپرا ضلعے کے پولیس سپرنٹنڈینٹ سجیت کمار سنگھ نے بی بی سی کو بتایا کہ ’چار میں سے ایک مسافر کی لاش ٹرین کی بی - ٹو بوگی اور پٹریوں کے درمیان پھنسی ہوئی ہے۔امدادی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ چکی ہے اور امدادی کام جاری ہے، زخمیوں کو ضلعے کے صدر ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

زخمیوں میں سے کسی کی حالت تشویشناک نہیں بتائی جا رہی ہے۔

ریلوے بورڈ کے صدر ارونیندر کمار نے بتایا کہ مرنے والوں کو دو لاکھ کا معاوضہ دیا جائے گا۔ریلویز کے مرکزی وزیر سدانند گوڑا نے واقعے پر گہرے افسوس کا اظہاہر کیا ہے۔مقامی صحافی منیش شانڈلیہ کے مطابق حادثہ بہار میں گولڈن گنج سٹیشن کے پاس ہوا۔پولیس نے اس حادثے میں کسی قسم کی سازش یا ریاست میں متحرک ماوٴنوازو باغیوں کی کارروائی سے انکار کیا ہے۔

پولیس اہلکار نے بتایا: ’جائے حادثہ پر ایسا کوئی سراغ نہیں ملا ہے، جس سے یہ شک کیا جائے کہ اس حادثے میں نکسلیوں کا ہاتھ ہے۔انھوں نے مزید کہا: ’جائے حادثہ پر نہ تو بارود کی بو ملی ہے، نہ ہی دھماکہ خیز مادے یا کسی طرح کی توڑ پھوڑ کے ہی نشان نظر آئے ہیں۔تاہم انھوں نے یہ بھی کہا کہ حادثے کی اصل وجہ تفتیش کے بعد ہی سامنے آ سکے گی۔

متعلقہ عنوان :