پشاور،انٹرنیشنل ائیرلائن پر فائرنگ انتہائی افسوسناک ہے،آفتاب شیرپاؤ

بدھ 25 جون 2014 20:29

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25جون 2014ء) قومی وطن پارٹی کے چےئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے پاکستان انٹر نیشنل ائر لائن کی پروازپر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی اور اس میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے خاندانوں کے ساتھ ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کیا ۔ایک بیان میں انھوں نے اس حملے کو انتہائی سنگین واقعہ قرار دیا اور کہا کہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں بصورت دیگراس کے بھیانک نتائج برآمد ہونے کا اندیشہ ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ اس قسم کے واقعات پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر تنہا کرنے مذموم سازش ہے اور اگرپشاور ائرپورٹ واقعہ میں ملوث عناصرکو کیفر کردار تک نہ پہنچایا گیا تو خدشہ ہے کہ پشاور سے بین الاقوامی پروازیں بند ہو جائے گی جس سے مشرق وسطیٰ اور دیگر خلیجی ممالک میں کام کرنے والے لاکھوں پاکستانیوں خاص کر پختونوں کی سفری مشکلات میں بے انتہا اضافہ ہو جائے گا ۔

(جاری ہے)

دریں اثنا ء قومی وطن پارٹی خیبر پختونخوا کے الیکشن کمیشن کا اجلاس زیر صدارت مرکزی چےئرمین جناب آفتاب احمد خان شیرپاؤ منعقد ہوا ۔اجلاس میں الیکشن کمیشن کے چےئرمین جسٹس(ر)شاہجہان خان ‘سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد جمیل ایڈوکیٹ کے علاوہ زونز کے نمائندوں انیسہ زیب طاہر خیلی ایم پی اے‘اسد آفریدی ایڈوکیٹ‘سابقہ ایم پی اے عدنان وزیر‘شجاع الملک ‘ ہاشم بابر اور پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سکندر حیات خان شیرپاؤ نے بھی شرکت کی ۔

اجلاس میں اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ پشاور ‘نوشہرہ ‘مردان‘شانگلہ‘سوات‘بونیر ‘ملاکنڈ‘ہری پور ‘ایبٹ آباد‘مانسہرہ‘کوہستان‘کوہاٹ‘کرک‘بنوں ‘لکی مروت کے اضلاع ‘فاٹا کی ایجنسیوں اور فرانٹےئر ریجن میں پارٹی انتخابات پرامن ماحول میں منعقد ہوئے۔ان انتخابات میں عوام اور کارکنوں نے پرجوش انداز میں حصہ لیا ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جون کے مہینے میں باقی ماندہ ضلعوں میں پارٹی انتخابات کرائے جائیں۔عید کے فوراً بعد اگست کے مہینے میں زون کے انتخابات کے بعد صوبائی انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا ۔اگست میں پارٹی کے مرکزی انتخابات بھی کر ائے جائیں گے۔