پاکستان میں انتشار کی کیفیت کشمیریوں کیلئے انتہائی تکلیف دہ ہے،سید علی گیلانی ،پوری پاکستانی قوم اپنے وطن کی خاطر متحد ہو جائے ،آئی ڈی پیز مدد کیلئے دل کھول کر مدد کی جائے،پاکستان کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں ملک کی سالمیت کے یک نکاتی ایجنڈ ے پر متحد ہو جائیں،مضبوط پاکستان کشمیریوں کی امیدوں کا ضامن ہے،کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین کا پاکستانی قوم کے نام پیغام

اتوار 29 جون 2014 16:37

پاکستان میں انتشار کی کیفیت کشمیریوں کیلئے انتہائی تکلیف دہ ہے،سید ..

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29جون۔2014ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے پاکستان میں موجودہ انتشار جیسی صورت حال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے پوری پاکستانی قوم پر زور دیا ہے کہ وہ شمالی وزیرستان میں ہونے والے فوجی آپریشن کی وجہ سے آئی ڈی پیز کی بھر پور مدد کریں اورپاکستان کے خلاف کی جانے والی دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے آپس میں اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں ۔

پاکستانی قوم کے نام اپنے پیغام میں سید علی گیلانی نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے لاکھوں کی تعداد میں لوگ متاثر ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے ایک انسانی المیہ جیسی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔اس نازک مرحلے پر پاکستانی قوم میں اسی جذبے اور تعاون کی ضرورت ہے جو انہوں نے آزاد کشمیر اور خیبر پختونخواہ میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے دوران جس جذبے کا مظاہرہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو پاکستان کی موجودہ صورت حال پر تشویش ہے اور پاکستان میں یہ صورت حال انتہائی تکلیف دہ ہے کیونکہ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے۔انہوں نے پاکستان تمام سیاسی ،مذہبی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ پوری قوم کو متحد کریں اور شمالی وزیرستان میں آپریشن کی وجہ سے بے گھر ہونے والے لاکھوں افراد کی مدد اور بحالی کے لئے دل کھول کر تعاون کریں ۔

انہوں نے کہا کہ کئی طاقتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں اور ان سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے پاکستان کی تمام سیاسی و مذہبی قیادت کو آپس میں اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔اس وقت تمام جماعتوں کو سیاست اور آپس کے اختلافات ایک طرف رکھ کر ملک کے مفاد کے لئے سوچنا ہوگا۔مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی ظالمانہ کارروائیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت میں مودی سرکاری کے اقتدار میں آنے کے بعد ریاست میں بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائی میں اضافہ ہوا ہے۔

بھارت نے اب ایک نئے ہتھکنڈے کے تحت کشمیری عوام کو اپنی جدوجہد سے دستبردار کرانے کے لئے ان کو اپنی زمینوں سے بے دخل کرنا شروع کر دیا ہے ۔بھارتی فوج نے حزب المجاہدین کے کمانڈر عامر خان المعروف سیف اللہ خالد کی زمینوں پر زبردستی قبضہ کر لیا ہے ۔سید علی گیلانی نے بھارتی فوج کی اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے کشمیری تحریک کو دبانے کے لئے کوئی بھی ہتھکنڈے کامیاب نہیں ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :