مردان کو ترجیحی بنیادوں پر تمام جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا،عنایت اللہ

جمعہ 4 جولائی 2014 17:23

پشاور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 4جولائی 2014ء)خیبر پختونخواکے وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ خان نے محکمہ بلدیات و دیہی ترقی کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ مرد ان ٹاؤن شپ میں سڑکوں،آبنوشی،نکاسی آب اور دیگر ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار تیز کر کے انہیں بروقت مکمل کیا جائے۔ وہ جمعہ کے روز پشاور میں مردان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی سے متعلق ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

اس موقع پرسیکرٹری بلدیات حفیظ الرحمن،سپیشل سیکرٹری بلدیات اصغر خان،پلاننگ آفیسر جاوید خان،ڈپٹی کمشنر مردان شاہد اللہ اور پراجیکٹ ڈائریکٹر مردان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی شاہ زمین خان نے شرکت کی۔صوبائی وزیر کو مردان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی کارکردگی اور مردان ٹاؤن شپ میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ ،وسائل اور ترقیاتی سکیموں کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلا س میں مردان ٹاؤن شپ کی پراپرٹی و دیگر وسائل کے تحفظ کو یقینی بنانے اور گیس و بجلی کے منصوبوں کی تکمیل پر زور دیا گیا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ وہ مردان ٹاؤن شپ کا خود تفصیلی دورہ کر چکے ہیں اور وہاں کے سیوریج اور ڈرینج سسٹم،آبنوشی اور سڑکوں کی صورتحال سے بخوبی آگاہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پشاور کے بعد ضلع مردان بڑا شہر ہے اس لئے مردان کو ترجیحی بنیادوں پر تمام جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مردان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کو فعال بنایا جائے گا اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔صوبائی وزیر نے اس سلسلے میں سیکرٹری بلدیات کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی جس کے سپیشل سیکرٹری ڈپٹی کمشنر مردان،پلاننگ آفیسر ممبران ہوں گے۔کمیٹی جلد ہی صوبائی وزیر کو رپورٹ پیش کرے گی۔