جعلی زرعی ادویات اور زنک سلفیٹ بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ ،لاکھوں روپے مالیت کی جعلی زرعی ادویات اور زنک سلفیٹ قبضہ میں لے لیا

جمعہ 4 جولائی 2014 18:01

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 4جولائی 2014ء) محکمہ زراعت کے افسران نے جعلی زرعی ادویات اور زنک سلفیٹ بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مارا اور لاکھوں روپے مالیت کی جعلی زرعی ادویات اور زنک سلفیٹ کو قبضہ میں لے لیا۔ ملزمان کو پولیس کے حوالے کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت (توسیع) محمد وارث ٹھاکر اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت (توسیع) راؤ محمد انور نے رائے ونڈ میں کوٹ رادھا کشن روڑ کے بھچوکی پھاٹک پر واقع غیر رجسٹرڈ شدہ فیکٹری پر چھاپہ مارا اور لاکھوں روپے مالیت کی زرعی ادویات اور زنک سلفیٹ قبضہ میں لے کر ملزمان کے خلاف تھانہ رائے ونڈ سٹی میں کیس درج کروا کر پولیس کے حوالے کر دیا گیاہے جبکہ زرعی ادویات اور زنک سلفیٹ کے نمونے تجزیہ کے لئے لیبارٹری بھیج دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) پنجاب ڈاکٹر انجم علی اور ای ڈی او زراعت لاہور چوہدری لیاقت علی بھی موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر انجم علی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق جعلی زرعی ادویات اور کھاد بنانے والوں کے خلاف محکمہ بھرپور مہم چلا رہا ہے۔ جعلی کھاد اور زرعی ادویات بنانے والوں کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے زراعت افسران کے کامیاب چھاپہ پر ان کی تعریف بھی کی۔