وزیراعظم کا آرٹیکل 245 کے تحت فوج کو کارروائی کا اختیار دینے کا فیصلہ

جمعہ 4 جولائی 2014 19:57

وزیراعظم کا آرٹیکل 245 کے تحت فوج کو کارروائی کا اختیار دینے کا فیصلہ

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4جولائی۔2014ء) وزیراعظم نوازشریف نے سول انتظامیہ کی مدد کے لئے فوج کو کارروائی کا اختیار دینے کا فیصلہ کرلیا۔نجی ٹی وی کےمطابق وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جو 2 گھنٹے تک جاری رہا، اجلاس میں اہم وفاقی وزراء اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی شرکت کی جبکہ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف بھی شریک ہوئے۔

اہم اجلاس میں وزیراعظم نوازشریف نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج کو کارروائی کا اختیار دینے کا فیصلہ کیا جس کے تحت فوج سول انتظامیہ کی مدد کیلئے کارروائی کرے گی جبکہ سول انتظامیہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوج کو طلب کرسکے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج کو کارروائی کا اختیار شمالی وزیرستان آپریشن کے بعد ممکنہ رد عمل سے نمٹنے کے لئے دیا گیا ہے جبکہ یہ فیصلہ بالخصوص کراچی،لاہور اور اسلام آباد میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کامزید کہناہے کہ وزیراعظم نے فیصلے سے متعلق احکامات جاری کردیئے ہیں جس کے بعد کابینہ ڈویژن کی جانب سے جلد ہی اس کا نوٹی فکیشن جاری کردیا جائے گا۔واضح رہے کہ ملک میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسلام آباد سمیت چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں پہلے ہی فوج تعینات کی جاچکی ہے جو اہم تنصیبات پر اپنے فرائض انجام دے رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :