آزادکشمیر کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جانا چاہیے‘طاہر کھوکھر

جمعرات 10 جولائی 2014 15:35

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 10جولائی 2014ء) آزادکشمیر میں بدترین لوڈشیڈنگ، وزیر ٹرانسپورٹ وامداد باہمی محمد طاہر کھوکھر نے وزیراعظم پاکستان اور واپڈا حکام سے نوٹس لینے اور آزادکشمیر کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 1200 میگا واٹ پیداوار دینے والے خطہ کو 360 میگا واٹ ضرورت کے مطابق بجلی فراہم کرنے کے بجائے اندھیروں میں دھکیلنا بدترین ناانصافی اور زیادتی ہے۔

یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیوایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر، جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی کمیٹی، و وزیرٹرانسپورٹ و امداد باہمی محمد طاہرکھوکھرنے کہاہے کہ آزادکشمیر کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جانا چاہیے۔ 1200 میگا واٹ پیداوار دینے والے خطہ کی 360 میگا واٹ ضروریات پوری نہ کرنا زیادتی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف اور واپڈا حکام صورتحال کا جائزہ لیں اور آزادکشمیر کے عوام کا جائز مطالبہ پوراکیا جائے۔

یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ طاہر کھوکھر نے کہاکہ لوڈشیڈنگ کے باعث آزادکشمیر کے عوام میں مایوسی پیدا ہو رہی ہے جو قومی مفاد میں نہیں۔ اس کا ازالہ ضروری ہے۔ آزادکشمیر کے عوام نے ہائیڈرل پراجیکٹس کے لیے بے مثال قربانیاں دیں حتیٰ کہ اپنے آباؤ اجداد کی قبریں تک قربان کی ہیں۔ اس وقت بھی آزادکشمیر میں ہزاروں میگا واٹ کے ہائیڈرل پراجیکٹس پر کام شروع ہے۔

اگر قومی منصوبہ جات کے لیے قربانیاں دینے والوں کو اسی طرح نظرانداز کیا جاتا رہا تو اس کے منفی نتائج برآمد ہو سکتے ہیں جبکہ دیگر علاقوں کے لوگوں میں بھی ملک و قوم کے لیے قربانی دینے کا جذبہ سرد پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا واپڈا حکام کو ماضی میں بھی متعدد مرتبہ تحریک کی جا چکی ہے۔ حکومت آزادکشمیر خصوصاً وزیراعظم چودھری عبدالمجید اور کابینہ کی پوری کوشش اور خواہش ہے کہ آزادکشمیر کو ضرورت کے مطابق بجلی فراہم کی جائے اور ریاست سے لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو۔

جس کے جلد مثبت نتائج برآمد ہوں گے اور بہت جلد عوام لوڈشیڈنگ سے مکمل نجات حاصل کر لیں گے۔ طاہرکھوکھر نے کہا کہ اس وقت متعدد ہائیڈرل پراجیکٹس پر کام شروع ہے۔ جن میں بعض چھوٹے چھوٹے پراجیکٹس ہیں ۔ حکومت کو شش کرے گی ان کے ذریعے مقامی ضروریات ترجیحی بنیادوں پر پوری کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت آزادکشمیر میں 17000 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی گنجائش موجود ہے۔

اگر بڑے منصوبے شروع کیے جائیں تو چند سالوں میں ملک سے لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا او رفاضل بجلی پیدا ہو گی جس سے ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔ آزادکشمیر کے عوام ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔ واپڈا حکام ریاست کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دینے کا اعلان کریں تو اس سے مثبت اور حوصلہ افزا نتائج برآمد ہوں گے اور عوام کی حوصلہ افزائی ہو گی۔

متعلقہ عنوان :