بھارتی رکن قومی اسمبلی کے گھر چوری کا ڈراپ سین،پولیس نے فلیٹ سے کروڑوں کا مال برآمدکرلیا

جمعرات 10 جولائی 2014 20:31

بھارتی رکن قومی اسمبلی کے گھر چوری کا ڈراپ سین،پولیس نے فلیٹ سے کروڑوں ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 10جولائی 2014ء) بھارت میں حزب اقتدار کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک منتخب نمائندے کے گھر میں چوری کی واردات کے بعد ان کے خلاف تحقیقات کی جا رہی ہیں۔بھارتی میڈیاکے مطابق گری راج سنگھ کے فلیٹ سے مسروقہ سامان میں ایک کروڑ 14 لاکھ روپے کے علاوہ قیمتی گھڑیوں اور زیورات برآمد ہوئے ہیں، جب کہ انھوں نے کہا تھا کہ صرف 50 ہزار روپے چوری ہوئے ہیں۔

اس معاملے میں پولیس نے چار افراد کو حراست میں لیا ہے جن میں گری راج سنگھ کے سٹاف کے تین ارکان بھی شامل ہیں۔بھارتی میڈیاکی رپورٹ کے مطابق پولیس نے کہاکہ بھارتی ریاست بہار سے تعلق رکھنے والے رکنِ پارلیمان نے ابتدائی طور پر اپنے گھر سے چوری ہونے والے سامان کے بارے میں کچھ نہیں کہا تھا، تاہم بعد ازاں ان کی جماعت کے ایک رکن نے پولیس کو بتایا کہ 50 ہزار روپے چوری ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس نے ان کے گھر میں واردات کرنے والے چور کو پکڑ لیا ہے اور اس کے قبضے سے نوٹوں سے بھرے ایک سوٹ کیس کے علاوہ قیمتی ڈیزائنر گھڑیاں اور خاصی مقدار میں زیورات برآمد کیے ہیں۔چور نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ یہ ساری رقم، زیورات اور گھڑیاں اس نے گری راج سنگھ کے فلیٹ سے چرائی ہیں جہاں اس کو داخل ہونے میں خود گری راج سنگھ کے عملے نے مدد کی تھی۔