دوپہر کو سونا قبل از وقت موت کا سبب بن سکتاہے،نئی تحقیق

جمعرات 10 جولائی 2014 20:56

دوپہر کو سونا قبل از وقت موت کا سبب بن سکتاہے،نئی تحقیق

لندن (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 10جولائی 2014ء) برطانیہ میں کی گئی ایک نئی تحقیق میں سامنے آیا ہے کہ دوپہر کو قیلولہ یا کچھ دیر کیلئے سونا ایک عام چیز ہے مگر یہ عادت آپ کی زندگی کے کچھ برس کم کرنے کا سبب بھی بن سکتی ہے۔امریکن جرنل آف ایپڈمولوجی میں شائع ہونے والی لوگوبورگ یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق جو بالغ افراد دوپہر میں ایک گھنٹہ یا زائد دورانیے تک سونے کے عادی ہوتے ہیں ان میں قبل از وقت موت کا خطرہ ایک تہائی حد تک بڑھ جاتا ہے۔

(جاری ہے)

تحقیق میں بتایا ہے کہ قیلولہ کی عادت سے پھیپھڑوں کے مختلف امراض جیسے نمونیا اور ورم وغیرہ کا خطرہ سب سے زیادہ ہوتا ہے۔تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ دوپہر کی نیند سے جسم میں امراض کے خلاف قوت مدافعت کم ہوجاتی ہے اور یہ سستی ایک اشارہ بھی ہوسکتی ہے کہ اس شخص کو پھیپھڑوں کا مرض ہوسکتا ہے۔تحقیق کے مطابق دوپہر میں ایک گھنٹے تک سونے کے عادی افراد میں قبل از وقت موت کا خطرہ 32 فیصد تک بڑھ جاتا ہے کیونکہ ایسے افراد میں سانس کے امراض کا امکان بھی ہوتا ہے۔اس سے قبل گزشتہ برس چین میں ہونے والی ایک تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ دوپہر میں کھانے کے بعد آدھے گھنٹے یا اس سے زائد وقت تک سونے کی عادت سے ذیابیطس ٹائپ ٹو کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔