وزیراعلیٰ کابغیر پروٹوکول قصور میں رمضان بازاروں کے اچانک دورے،سستے آٹے کا سٹاک رجسٹرنہ ہونے پر برہمی،رمضان بازاروں کی خود مانیٹرنگ کررہا ہوں، اشیائے ضروریہ ، پھلوں اور سبزیوں کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا:شہبازشریف،رمضان بازاروں میں عوام کوریلیف دینے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی، عوام کی سہولت کیلئے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے،ضلعی انتظامیہ کے ایک افسر کی جانب سے سٹال ہولڈرز کو بلاجواز تنگ کرنے کی شکایت کا نوٹس،ٹماٹر کی کوالٹی بہتر بنانے کی ہدایت،شہباز شریف خریداری کیلئے آئے لوگوں میں گھل مل گئے ،لوگوں کا رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ کے معیار اور قیمتیں کم ہونے پر اطمینان کا اظہار

جمعرات 10 جولائی 2014 22:53

وزیراعلیٰ کابغیر پروٹوکول قصور میں رمضان بازاروں کے اچانک دورے،سستے ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 10جولائی 2014ء) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے آج ضلع قصور میں رمضان بازاروں کے بغیر پروٹوکول کے اچانک دورے کئے۔ وزیراعلیٰ کے دورے سے ضلعی انتظامیہ لاعلم رہی۔ وزیراعلیٰ رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ، پھلوں، سبزیوں، آٹے، چینی اور مرغی کے گوشت کے سٹالز پر فرداً فرداً گئے اور قیمتوں کے ساتھ کوالٹی کا جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ نے زرعی فئیرپرائس شاپس میں سبزیوں اور پھلوں کی کوالٹی اور قیمتوں پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم فئیرپرائش شاپس اور عام سٹال پر سیب کی قیمت میں فرق پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ کوالٹی کے حساب سے پھلوں کی قیمت یکساں ہونی چاہیئے۔ وزیراعلیٰ نے رمضان بازاروں میں سبزیوں کی قیمتوں میں استحکام پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم ایک سٹال پر ٹماٹر کی کوالٹی درست نہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ ٹماٹر کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ رمضان بازاروں میں سستے آٹے کے سٹالز پر بھی گئے اور انہوں نے وہاں پر آٹے کے تھیلوں کا سٹاک رجسٹر موجود نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ آئندہ سے سستے آٹے کی سپلائی اور خرید و فروخت کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ریلوے سٹیشن رمضان بازار کے دورے کے دوران ضلعی انتظامیہ کے ایک افسر کی جانب سے سٹال ہولڈرز کوبلاجواز تنگ کرنے کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ سٹال ہولڈرز کو کسی صورت تنگ نہ کیا جائے بلکہ انہیں سہولتیں فراہم کی جائیں۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر متعلقہ افسر نے سٹاک ہولڈرز سے معذرت بھی کی۔ وزیراعلیٰ رمضان بازاروں میں چینی کے سٹالز پر بھی گئے اور وہاں موجود خریداروں سے قیمت کے بارے دریافت کیا جس پر لوگوں نے بتایا کہ چینی وافر مقدار میں موجود ہے اور 45 روپے کلو کے حساب سے مل رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ہدایت کی کہ رمضان بازاروں میں مرغی کے گوشت کی مارکیٹ ریٹ سے 20 روپے فی کلو کم اور انڈوں کی 12روپے فی درجن کم فروخت کو یقینی بنایا جائے ۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رمضان بازاروں کا مقصد عوام کو معیاری اور سستی اشیاء کی فراہمی ہے۔ رمضان بازاروں میں کئے گئے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔ اشیائے ضروریہ ، پھلوں اور سبزیوں کی کوالٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ رمضان بازار عام آدمی کیلئے ہیں اور عام آدمی کی بھلائی اور اسے ریلیف دینے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندے اور انتظامی افسران رمضان بازاروں میں اشیاء کی کوالٹی اور قیمتو ں کو خود مانیٹر کر رہے ہیں اور میں ذاتی طور پر اس تمام عمل کی نگرانی کر رہا ہوں۔ وزیراعلیٰ رمضان بازاروں کے دورے کے دوران وہاں پر خریداری کیلئے آئے لوگوں میں گھل مل گئے اور انہوں نے لوگوں سے رمضان بازاروں میں کئے جانے والے انتظامات کے بارے میں دریافت کیا تو لوگوں نے رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ، پھلوں اور سبزیوں کے معیار اور قیمتیں کم ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا اور وزیراعلیٰ کو دعائیں دیتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف صاحب آپ جس طرح عام آدمی کی خدمت کر رہے ہیں اس کا اجر اللہ تعالیٰ آپ کو دے گا۔

متعلقہ عنوان :