Live Updates

عمران خان لانگ مارچ اور دھرنوں کے بجائے متاثرین کی امداد پر توجہ دیں  عوامی نیشنل پارٹی ، عمران خان اپنے گھروں اور علاقوں سے بیدخل ہونے والوں کی امداد کی بجائے نان ایشو میں مصروف ہیں بیان

اتوار 13 جولائی 2014 15:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13جولائی۔2014ء) عوانی نیشنل پارٹی کے رہنما و صوبائی ترجمان سردار حسنین بابک نے کہا ہے کہ عمران خان لانگ مارچ اور دھرنوں کے بجائے متاثرین کی امداد پر توجہ دیں۔ ایک بیان میں اے این پی کے پارلیمانی لیڈر و صوبائی ترجمان سردار حسین بابک نے کہا کہ عمران خان لاکھوں پختونوں کا اپنے گھروں اور علاقوں سے بیدخل ہونے اور ملک و قوم کی خاطر قربانی دینے والوں کی امداد کی بجائے نان ایشوز میں مصروف ہے۔

جس سے پختونوں کے زخموں پر نمک پاشی ہو رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ عمران خان کی اس صوبے میں حکومت ہے اور دہشتگردی کی اس جنگ میں یہ سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ ہے۔ لہٰذا عمران خان اخلاقی طور پر اپنے آپ اور قوم کو نان ایشوز میں اُلجھا کر لاکھوں پختونوں کے زخموں پر نمک چھڑک رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ اگر پنجاب کے اتنے لوگ بے گھر ہوتے اور بیدخل ہوتے تو نواز شریف اور عمران خان اکٹھے سارے ملک اور دُنیا میں اُن کی امداد کیلئے در در کے چکر لگاتے لیکن چونکہ بدقسمت پختون ذلیل و خوار ہو رہے ہیں۔

اس لیے عمران خان اور نواز شریف دونوں بے فکر ہیں ایک حکومت گرانے کے چکر میں اور دوسرا بچانے کے چکر میں لگے ہیں اور لاکھوں متاثرین جنگ کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صرف اعلانات تک اپنے آپ کو محدود کر دیا ہے۔ جبکہ اس وقت متاثرین وزیرستان کی حالت اور مسئلے نے انسانی مسئلے کی شکل اختیار کر دی ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :